مرزا غلام قادر احمد

by Other Authors

Page 184 of 503

مرزا غلام قادر احمد — Page 184

184 ضرورت پیش آئے تو میرے گھر پیغام بھیج دیا کریں۔ہم نے انہیں اس قول پر ہمیشہ پورا اترتے دیکھا کمپیوٹر سے لاعلمی کے باعث ہم چھوٹے چھوٹے مسئلوں میں الجھ کر انہیں اکثر بلا لیتے اور وہ انتہائی خندہ پیشانی کے ساتھ اپنی بے پایاں مصروفیات میں سے ضرور ہمیں وقت دیتے حتی کہ رمضان کے مہینے میں بھی انہوں نے اس قول کو نبھایا اور اگر دن کو وقت نہ ملتا تو شام کو افطاری کے بعد تشریف لے آتے اور ہماری اُلجھنیں دُور کرتے۔بے انتہا مصروفیت کی وجہ سے ان کا ذہن اتنا Occupied ہوتا کہ اکثر جب تشریف لاتے تو کمپیوٹر آن کرتے ہی کہتے فلاں چیز تو میں بھول آیا ہوں ابھی لے کر آتا ہوں یہ کہہ کر نہایت تیزی سے فوراً مطلوبہ ڈسک اپنے دفتر سے لے کر واپس آجاتے۔کبھی یہ نہیں کہا کہ آج بھول گیا ہوں کل لے کر آؤں گا یا پھر کبھی یہ کام کر دوں گا وغیرہ وغیرہ۔کمپیوٹر کی پروگرامنگ نہایت مشکل اور محنت طلب کام ہے اور کمپیوٹر پروفیشنلز بھاری رقوم کے عوض یہ کام سرانجام دیتے ہیں مگر یہ مرزا غلام قادر کی ہی شان ہے کہ انہوں نے نہایت مستعدی سے بہت تھوڑے وقت میں یہ کام محض اللہ کیا۔نہایت سنجیدہ ، کم گو، شریف اور غض بصر سے کام لینے والے انسان تھے طبیعت میں بہت رکھ رکھاؤ بھی تھا۔کمپیوٹر پروفیشنلز کے سالانہ کنونشن میں آنے کے لئے ضرور دعوت نامہ بھیجتے جس پر نہ جانے کا مجھے آج تک افسوس ہے۔خلیفہ وقت سے بے انتہا محبت کرتے تھے اس کا اندازہ اس بات سے کیا جاسکتا ہے کہ ایک دفعہ ہم نے اُن کی خدمت میں ایک مشروب پیش کیا تو اُنہوں نے یہ کہہ کر واپس کر دیا کہ حضور پسند نہیں فرماتے اس لئے میں بھی نہیں پیتا اس کی جگہ چائے یا کوئی اور مشروب ہوتا تو کبھی انکار نہ کرتے۔