فرموداتِ مصلح موعود

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 287 of 462

فرموداتِ مصلح موعود — Page 287

۲۸۷ حدود سٹرائک وغیرہ کے اصول کو تسلیم کر لیا ہے اور اس کو جائز قرار دے دیا ہے۔گو بعض شرائط اس پر لگادی ہیں۔اس لئے چونکہ قانون ایک چیز کو جائز قرار دیتا ہے کوئی وجہ نہیں کہ اس سے ہماری جماعت کے لوگ فائدہ نہ اُٹھا ئیں۔پس اس اعلان کے ذریعہ سے میں جماعت کے لوگوں کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ آئندہ شوریٰ کے فیصلہ تک ہماری جماعت کے مزدور یا ملازم اپنے پیشہ کی انجمنوں یا لیبر تحریکوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔صرف اس شرط کے ساتھ کہ وہ کسی ایسی سٹرائک میں شامل نہ ہوں جس کو قانونا نا جائز قرار دیا گیا ہو۔باقی اپنے پیشہ کے لوگوں کی ترقی کے لئے ہر قسم کی جدو جہد وہ کر سکتے ہیں اور جو سٹرائک قانونا جائز ہے اس میں وہ حصہ لے سکتے ہیں لیکن میں نے بتایا ہے کہ ان کو یقین یہی رکھنا ہو گا کہ سٹرائک بذاتہ نا جائز ہے۔لیکن چونکہ ملک کا قانون اور حکومت کا طریق ایسا ہے کہ سٹرائک کے بغیر حقوق حاصل کرنے کا کوئی راستہ اس نے نہیں کھولا اور اسی وجہ سے اس نے خود سٹرائک کو اکثر حالات میں جائز قرار دے دیا ہے۔اس لئے ان مجبوریوں کی وجہ سے ایک احمدی ایسی انجمنوں میں حصہ لیتا ہے۔اگر یہ حالات بدل جائیں اور حکومت ایسے قوانین بنادے کہ جن کے ذریعہ سے مزدور اور ملازم پیشہ لوگ اپنے حقوق حاصل کر سکتے ہوں تو قانوناً بھی اور شرعاً بھی سٹرائک نا جائز ہو جائے گی۔ہماری جماعت کے لئے بڑی دقت یہی تھی کہ جب وہ ایسی انجمنوں میں شامل ہوتے تھے تو ان سے سوال کیا جاتا تھا کہ کیا آپ لوگ سٹرائک میں شامل ہوں گے؟ اور احمدی کہتے تھے نہیں کیونکہ ہمارے نزدیک یہ جائز نہیں لیکن چونکہ اب رائج الوقت قانون نے دو قسم کی سٹرانگیں قرار دے دی ہیں ایک جائز اور ایک ناجائز۔اس لئے احمدی کہہ سکتے ہیں کہ ہم ہر قسم کی جائزہ کوشش میں حصہ لیں گے اور جائز سٹرائک میں بھی حصہ لیں گے لیکن اگر کوئی خلاف قانون سٹرائک ہوئی تو ہم حصہ نہیں لیں گے اور اگر کسی عہدہ پر ہوئے تو اس سے استعفیٰ دے دیں گے اس صورت میں میں سمجھتا ہوں کہ جوشکوہ مزدوروں اور ملازموں کی انجمنوں کو احمدیوں سے تھا وہ بہت حد تک کم ہو جائے گا اور ان کی غلطی بہت حد تک دور ہو جائے گی۔