دورۂ قادیان 1991ء

by Other Authors

Page 115 of 294

دورۂ قادیان 1991ء — Page 115

115 ۲ جنوری ۱۹۹۲ء بروز جمعرات۔قادیان حضور کی اقتدا میں نماز فجر چھ بجکر بیس منٹ پر مسجد اقصیٰ میں ادا کی گئی۔سات بجے حسب معمول آپ دعا کی غرض سے بہشتی مقبرہ تشریف لے گئے۔آپ کی طبیعت فلو کی وجہ سے علیل تھی۔فلو کا گلے پر خاص طور پر اثر تھا۔دعا کے بعد آپ سیر کیلئے تشریف لے جانے سے قبل پاکستان سے آئے ہوئے مہمانوں نے جو بہشتی مقبرہ کے احاطہ میں چھولداریوں میں ٹھہرے ہوئے تھے ، آپ سے شرف مصافحہ حاصل کیا۔ان پاکستانی مہمانوں کا قافلہ آج تھوڑی دیر بعد روانہ ہونے والا تھا اور یہ مہمان اپنے آقا سے جدائی کے خیال سے جذبات سے مغلوب و آبدیدہ ہو رہے تھے۔اس الوداعی ملاقات کے بعد حضور ایوان خدمت کے سامنے سے ہوتے ہوئے جلسہ گاہ کے راستہ سے احمد یہ چوک کی طرف گئے۔آج کی سیر بھی مختصر تھی۔احمد یہ چوک سے دار امسیح پہنچ کر آپ اپنے خاندان کے افراد سے ملنے کیلئے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پیدائش والے کمرے کے سامنے والے صحن میں پہنچے۔آپ نے یہاں ، اور اس طرح بیت الدعا کے سامنے والے صحن میں اپنے خاندان کے افراد سے ملاقات کی اور ان سے مصافحہ و معانقہ فرمایا۔ان تمام افراد کو آج پاکستان واپس روانہ ہونا تھا۔ان سب کو الوداع کہنے کے بعد حضور اپنے گھر تشریف لے گئے۔نماز ظہر وعصر حضور کی اقتداء میں مسجد اقصیٰ میں ادا کی گئیں۔ساڑھے پانچ بجے آپ نے وکیل اعلی ربوہ مکرم چوہدری حمید اللہ صاحب، ناظر بیت المال قادیان مکرم محمود احمد صاحب عارف اور خاکسار ( ہادی علی ) کو ہندوستان کی جماعتوں کی بہبود کے منصوبہ کے سلسلہ میں طلب فرمایا۔یہ میٹنگ ایک گھنٹہ تک جاری رہی۔ساڑھے چھ بجے حضور اقدس نے نماز مغرب وعشاء مسجد اقصیٰ میں جمع کر کے پڑھائیں نماز عشاء کے بعد آپ دفتر میں تشریف لائے اور چوہدری آفتاب احمد صاحب آف لندن کی اہلیہ کی شدید علالت پر فکر کا اظہار کیا اور ان کے مناسب علاج اور نگہداشت سے متعلق ڈاکٹر مبارک احمد صاحب اور ڈاکٹر لطیف احمد قریشی صاحب کو ہدایات دیں۔