بنیادی مسائل کے جوابات

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 444 of 684

بنیادی مسائل کے جوابات — Page 444

مہینہ میں اور کم سے کم سات دنوں میں قرآن کریم کی تلاوت مکمل کرنے والے کے لئے آسانی پیدا ہو سکے۔بعض لوگوں کا خیال ہے کہ بچوں کو قرآن کریم پڑھانے کے لئے طلباء اور اساتذہ کی سہولت کے لئے قرون وسطی میں قرآن کریم کو منازل اور پاروں میں تقسیم کیا گیا۔اور یہ تقسیم کسی مضمون کے اعتبار سے نہیں بلکہ قرآن کریم کے حجم کے لحاظ سے کی گئی ہے۔قرآن کریم کی رکوعات میں تقسیم کے بارہ میں کہا جاتا ہے کہ یہ کام حجاج بن یوسف کے زمانہ میں ہوا اور بعض روایات کے مطابق یہ تقسیم حضرت عثمان نے فرمائی تھی۔نیز یہ کہ نمازوں کی رکعات میں ایک خاص حصہ قرآن کی تلاوت کی سہولت پیدا کرنے کے لئے رکوعات کی یہ تقسیم کی گئی۔بہر حال جو بھی ہو، یہ امر متحقق ہے کہ قرآن کریم کی یہ تقسیم اللہ تعالیٰ کی طرف سے نہیں ہے اور نہ ہی حضور ﷺ کی بیان فرمودہ ہے ، بلکہ بعد کے زمانوں کی تقسیم ہے، اسی لئے عرب اور غیر عرب دنیا کے مختلف علاقوں میں شائع ہونے والے قرآن کریم کے نسخہ جات میں بعض پاروں کی تقسیم میں فرق بھی پایا جاتا ہے۔البتہ اس بات میں کسی شک و شبہ کی گنجائش نہیں کہ اس تقسیم سے نہ تو قرآن کریم کے مطالب سمجھنے میں کوئی فرق پڑتا ہے اور نہ ہی قرآن کریم کی صداقت اور حقانیت پر کوئی حرف آتا ہے۔(قسط نمبر 30، الفضل انٹر نیشنل 11مارچ 2022ء صفحہ 11) 444