برکاتِ خلافت

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 113 of 169

برکاتِ خلافت — Page 113

برکات خلافت 113 دوسرے یہ کہ قرآن کریم کی جن آیات کے متعلق غلط فہمیاں پھیلی ہوئی ہیں ان کے متعلق ایسے نوٹ دیئے جائیں جن سے وہ غلط فہمیاں دور ہوں اور دوسرے تمام مذاہب پر اسلام کی فضیلت ثابت ہو جائے۔قرآن کریم پر جو اعتراضات ہوتے ہیں ان کے جوابات دیئے جائیں اور مشکل مواقع کو حل کیا جائے۔قرآن شریف ہر احمدی مرد، عورت اور لڑکے کے پاس ہونا ضروری ہے۔ترجمہ شروع ہو گیا ہوا ہے اور پہلے سپارہ کا ترجمہ اور نوٹ تو مکمل بھی ہو چکے ہیں اللہ تعالیٰ چاہے تو ایک مہینہ تک شائع بھی ہو جائے گا۔میرا ارادہ ہے کہ سپارہ سپارہ کر کے شائع کریں تاکہ ساتھ کے ساتھ لوگوں کو پہنچتا جائے۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ قرآن کو ہم نے آہستہ آہستہ اس لئے اتارا ہے کہ لوگوں کو یاد ہوتا جائے۔اسی طرح ہم بھی تھوڑا تھوڑا شائع کرتے رہیں گے تا کہ لوگ پڑھتے اور یاد کرتے جائیں۔اس کی کچھ کا پیاں لکھی ہوئی آچکی ہیں اور ترجمہ تو دوسرے پارہ کا بھی کسی قدر ہو چکا ہے۔انجمن ترقی اسلام اس کو چھپوا رہی ہے۔ہر فر دکو چاہئے کہ اپنا الگ اپنی بیوی کا الگ اپنے لڑکے لڑکیوں کا الگ الگ قرآن خریدے۔مدرسہ خط و کتابت: جماعت کی علمی ترقی کے لئے ایک مدرسہ خط و کتابت کا کھولا جائے۔کیونکہ بعض ایسے لوگ ہیں جو یہاں قادیان میں رہ کر قرآن شریف نہیں پڑھ سکتے ان کے لئے کچھ اسباق تیار کئے جائیں جو ان کو آہستہ آہستہ بھیج دیئے جایا کریں اور جب ان کو وہ یاد کر لیا کریں تو پھر اور کچھ پرچے بھیج دیئے جایا کریں۔اور جو دقتیں لوگوں کو پیش آئیں انہیں خطوط کے ذریعے وہ حل کرالیں۔اور اس طرح گھر بیٹھے وہ کچھ نہ کچھ واقفیت بہم پہنچالیں۔