برکاتِ خلافت — Page 112
برکات خلافت 112 کی ہے خصوصاً بڑے بڑے شہروں میں تو واعظوں کی سخت ضرورت ہے۔ہمارے پاس جو کچھ ہے قرآن کریم ہی ہے اور اس سے بڑھ کر اور ہو ہی کیا سکتا ہے۔پس میرا ارادہ ہے کہ مختلف شہروں میں درس قرآن جاری کئے جائیں اور ہر ضلع کے لئے کم از کم ایک واعظ مقرر کیا جائے لیکن اس کام کو باہنے والے واعظوں کی ہماری جماعت میں کمی ہے اس لئے جیسا کہ آپ لوگوں کو معلوم ہوگا ہم نے ایک جماعت مبلغین بنائی ہے اس جماعت کے دولڑکوں نے کل یہاں وعظ کیا ہے۔مجھے معلوم نہیں کہ کیا بولے ہیں مگر میری خواہش ہے کہ بہت جلد چندا ایسے آدمی تیار ہو جائیں جن کو ہم ضروری مقامات پر مقرر کر سکیں چنانچہ میں نے ایک ایسا کورس تیار کیا ہے کہ جس کے ذریعہ سے جماعت مبلغین کے دس لڑکوں کو ایسا تیار کیا جائے کہ اگلے سال تک وہ درس قرآن دینے کے قابل ہو جائیں۔یہ لڑ کے امید ہے کہ جلد کام کے قابل ہو جائیں گے اور امید ہے کہ انشاء اللہ اگلے دسمبر میں ہم دس انجمنوں کو ایک ایک واعظ دے سکیں گے۔قرآن با ترجمہ پڑھنا: میرا دل چاہتا ہے کہ ہماری جماعت کے سب افراد خواہ مرد ہوں یا عورتیں قرآن کریم سے واقف ہوں۔یعنی نہ صرف یہ کہ قرآن کے الفاظ پڑھ سکتے ہوں بلکہ اس کے معانی اور ترجمہ سے بھی واقف ہوں کیونکہ جب قرآن کریم کے معانی سے ناواقفیت ہو تو اس کے الفاظ بار بار پڑھنے سے کیا لطف حاصل ہوسکتا ہے۔مگر جب تک لوگ اس قابل نہ ہو جائیں کہ خود ترجمہ کر سکیں اول ان کی واقفیت کے لئے ایک ترجمہ قرآن کی ضرورت ہے جو اردو میں ہو اور یہ کوشش کی جائے کہ وہ ان تمام غلطیوں سے پاک ہو جو اس وقت تک کے تراجم میں پائی جاتی ہیں۔