ایک عزیز کے نام خط

by Sir Muhammad Zafrulla Khan

Page 140 of 144

ایک عزیز کے نام خط — Page 140

کے مطابق انسانی جسم میں بچہ کی پیدائش کے وقت ہوتی ہیں۔اور روح اس عالم کے حالات کا ویسے ہی احساس رکھتی ہے اور تجربہ اور مشاہدہ کرتی ہے جیسے جسم اس دُنیا میں کرتا ہے۔اور روح کے اندر اس عالم میں ایک اور عطر یا نچوڑ پیدا ہو جاتا ہے اور وہاں پھر ایک جسم اور رُوح کا رشتہ پیدا ہو جاتا ہے اور جو یہاں روح تھی وہ وہاں بمنزلہ جسم کے ہوتی ہے گو اس کے احساس اور قومی وہاں کے حالات کے مطابق ہوتے ہیں اور اس جسم کے اندر جو ایک رُوحانی جسم ہوتا ہے ایک اور لطیف در لطیف روح پیدا ہو جاتی ہے۔اور یہ جسم اور روح کا مجموعہ وہاں کے لطیف اور روحانی حالات کو ویسے ہی محسوس کرتا ہے بلکہ اس سے بھی زیادہ تیزی سے محسوس کرتا ہے جیسے کہ ہمارا موجودہ جسم اس زندگی کی کیفیات کو محسوس کرتا ہے اور اس طرح اس روحانی عالم میں انسانی روح کی نئی زندگی کا دور شروع ہوتا ہے۔اور اس زندگی میں پھر آگے لا انتہا میدان ترقی کا ہے گو اس کے حالات اور اس کی کیفیات ایسی ہیں کہ ہم ان کا اپنی موجودہ طاقتوں اور قومی کے لحاظ سے پورا پورا اندازہ نہیں لگا سکتے۔اب جیسا کہ میں نے کہا ہے بعض ارواح موت کے بعد کی زندگی کو ایسی حالت میں شروع کرتی ہیں کہ وہ یہاں سے اپنے قومی کو کمال تک پہنچا کر اس زندگی میں داخل ہوتی ہیں اور بعض اس سے کم حالت سے اور بعض ایسی حالت سے کہ ان کے اکثر قومی مریض ہوچکے ہوتے ہیں۔جو ارواح کامل صحت اور کامل نشونما کی حالت سے اس زندگی کی ابتداء کرتی ہیں وہ تو شروع سے ہی خوشی کی حالت میں رہتی ہیں۔اور ان کی ترقی ابتداء سے ہی شروع ہوتی ہے اور ان کا نور جلد جلد بڑھنا شروع ہو جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ کے قرب کی منازل سُرعت سے طے کرنا شروع کر دیتی ہیں۔لیکن جن ارواح میں کوئی نقص یا عیب یا کمزوری یا نقص یا بیماری ہوتی ہے ان کو پہلے ایسے حالات میں سے گزرنا پڑتا ہے جن کے نتیجہ میں ان کے عیب یا کمزوری یا نقص یا بیماری کی اصلاح کی جائے اور وہی حالات اور کیفیات جو کامل ارواح کے لئے ایک لذیذ خوشی کا باعث ہوتے ہیں اور انہیں سرور میں ڈال دیتے ہیں۔وہ ناقص ارواح کے لئے ان کے نقص یا بیماری کی نوع اور درجہ کے مطابق تکلیف دہ ثابت ہوتے ہیں لیکن 140