انوارالعلوم (جلد 6)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 549 of 603

انوارالعلوم (جلد 6) — Page 549

کہ اس قسم کے یقین کی وجہ کیا تھی؟ کوئی شخص دروازہ بند کرکے بیٹھ جائے اور دوپہر کو سحری کھالے تو اس کا روزہ نہیں ہوجائے گا اس کا یہ بھی فرض تھا کہ دروازہ کھول کر دیکھتا کہ سحری کا وقت کب آیا۔اسی طرح جو لوگ کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے آنے کا دعویٰ کرتے ہیں ان کے متعلق لوگوں کا اسی قدر فرض نہیں کہ وہ دیکھیں کہ ان کا دل ان کے متعلق کیا کہتا ہے؟ یا یہ کہ ان کے بعض خیالات سے اس کی صداقت کیا کیا ثبوت ملتا ہے؟ بلکہ ان کا فرض ہے کہ منہاجِ نبوت سے اس کے دعوٰے کو پرکھیں اور اگر دعویٰ سچا پائیں تو اس کو قبول کرلیں ورنہ رد کردیں۔پس آپ لوگ جو قادیان تشریف لائے ہیں۔مَیں آپ کو مخلصانہ مشورہ دیتا ہوں کہ آپ منہاجِ نبوت پر حضرت مرزا غلام احمد صاحب کے دعویٰ کو پرکھیں اور انکار کرنے سے پہلے اس بات کو اچھی طرح سوچ لیں کہ یہ بات معمولی نہیں ہے۔اگر مرزا صاحب سچّے تھے تو اللہ تعالیٰ کے سامنے آپ پر بڑی ذمہ داری عائد ہوجاتی ہے اور وہ لوگ جو آپ لوگوں کےکہنے سے حق کے قبول کرنے سے محروم رہ جائیں ان کے گناہ کا وبال بھی آپ کی گردنوں پر پڑتا ہے۔اسلام کی حالت اس وقت سخت نازک ہے اور مسلمان گرتے گرتے انتہائی ذلّت کو پہنچ گئے ہیں اگر آج بھی اللہ تعالیٰ کی طرف سے ان کی ترقی کا کوئی سامان نہ ہوتا تو پھر اسلام اور دوسرے مذہبوں میں فرق کیا رہ جاتا؟ اس زمانہ سے پہلے بہت چھوٹے چھوٹے فتنوں کے وقت اللہ تعالیٰ کی طرف سے مجدّد آتے رہے ہیں اور قریباً تمام مسلمان اس امر کے قائل ہیں کہ ان مجددوں اور ولیوں کے ذریعے دین اسلام کی حفاظت ہوتی رہی ہے۔حضرت سیّد عبدالقادر صاحب جیلانی حضرت معین الدین صاحب چشتی ،حضرت سیّد احمد صاحب سرہندی رضی اللہ عنہم اور ہزاروں بزرگ ان فتنوں کے فرد کرنے کےلئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے بھیجے گئے ہیں مگر تعجب ہے کہ اس وقت کے فتنہ کے فرد کرنے کے لئے جسکے مقابلہ میں زمانہ ماضی کے فتنے بالکل بے حقیقت ہیں اللہ تعالیٰ کی طرف سے کوئی بھی شخص نہیں بھیجا گیا اور اگر کوئی شخص بھیجا گیا تو نعوذ باللہ من ذالک وہ ایک دجّال اور مفتری انسان تھا اور پھر غضب یہ ہوا کہ اس نازک موقع پر اللہ تعالیٰ نے زمین اور آسمان پر ایسے نشان بھی ظاہر کردئیے جو مسیح موعود اور مہدی مسعود کے زمانہ کے لئے مقرر تھے۔اگر یہ بات فی الواقع سچ ہو تو پھر ماننا پڑے گا کہ اللہ تعالیٰ کا اپنا منشاء ہےکہ مسلمان گمراہ ہوں اور دینِ اسلام تباہ ہو۔نعوذ باللہ من ذالک۔لیکن اللہ تعالیٰ کی شان ہے یہ بات بعید ہے کہ وہ ایسا کرے۔پس حق یہی ہے کہ حضرت مرزا غلام احمد صاحب اللہ تعالیٰ کی طرف ما ٔمور ہیں اور ان کو