انوارالعلوم (جلد 6) — Page 550
اللہ تعالیٰ نے دین اسلام کے قیام اور اس کی مضبوطی کے لئے مبعوث فرمایا ہے۔آپ لوگ غور کریں کہ کیا جھوٹے آدمیوں سے اللہ تعالیٰ کا یہی سلوک ہوا کرتا ہے جو آپ سے ہوا ؟ اور کیا جھوٹے لوگ اسلام کی اسی طرح خدمت کیا کرتے ہیں جو آپ نے کی؟ اس وقت اللہ تعالیٰ آپؑکی جماعت کےذریعے سے جو بظاہر نہایت غریب اور کمزور ہے وہ کام لے رہا ہے جو دوسرے تیس کروڑ مسلمانوں سے نہیں ہوسکتا۔ان کے ذریعے سے دشمنانِ اسلام سے اسلام کی خوبیوں کا اعتراف کروایا جارہا ہے اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو گالیاں دینے والوں کی زبانوں سے آپ پر درود بھجوایا جارہا ہے۔اس کے مقابلہ میں ان لوگوں کے کارنامے کیا ہیں جو تعداد میں ،مال میں ،رُعب میں، طاقت میں اس جماعت سے ہزاروں گُنے بڑھ کر ہیں سوائے اس کے کہ وہ اس خدا کے برگزیدہ کو اور اس کی جماعت کو گالیاں دے چھوڑیں اور وہ کیا کام کررہے ہیں۔اسلام میں کسی کو داخل کرنا تو ان کے لئے مشکل ہے وہ لوگ جو اسلام کے لئے اپنے اموال اوراپنی جانوں کو قربان کررہے ہیں ان کی پیٹھ میں خنجر بھونکنا اور خدمت اسلام سے باز رکھنے کی کوشش کرنا ان کا شغل بن رہا ہے۔پس ان حالات پر غور کریں اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی وصیت کے مطابق اس خدا کے برگزیدہ کو قبول کریں تا اللہ تعالیٰ کی طرف سے آپ کو عزت نصیب ہو اور اس کے فضل کے آپ لوگ وارث ہوں۔بیشک اگر آپ لوگ حق کو قبول کریں گے تو ہماری مشکلات اور تکالیف میں بھی آپ کو شریک ہونا ہوگا اور سب دُنیا کی دشمنی آپ کو برداشت کرنی ہوگی اور وہی لوگ جو آج آپ کی باتوں پر مرحبا اورجزاک اللہ کے نعرے لگاتے ہیں آپ کو گالیاں دیں گے لیکن اللہ تعالیٰ کی راہ میں گالیاں سننے سے زیادہ اور کونسا شیریں کلام ہوسکتا ہے؟ خدا تعالیٰ کی خاطر ذلّت برداشت کرنا ہی اصل عزت ہے اور یہ بات حق کے قبول کرنے میں آپ کے لئے ہرگز روک نہیں ہونی چاہئے۔لیکن اگر باوجود ان تمام دلائل اور براہین کے جو اللہ تعالیٰ نے حضرت مرزا غلام احمدؑکی صداقت کے اظہار کے لئے نازل کئے ہیں ابھی آپ کو ان کی صداقت میں تردّد ہے تو پھر میں آپ کو نصیحت کروں گا کہ بجائے ایک خطرناک راستہ پر قدم مارنے کے اور بِلا تحقیق اور بِلا کافی وجوہ کے ایک مدعی ما ٔ موریت پر حملہ آور ہونے کے آپ اپنی قادیان کی آمد کو غنیمت سمجھ کر اس تحقیق میں لگ جاویں جو قادیان سے باہر آپ نہیں کرسکتےتھے۔مثلاًیہ کہ ان لوگوں کےجو مولوی اور عالم کہلاتے تھے اور کہلاتے ہیں بیانات درست ہیں