انوارالعلوم (جلد 26)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 589 of 752

انوارالعلوم (جلد 26) — Page 589

انوار العلوم جلد 26 589 پیغامات اصلاح کے لئے میں آپ لوگوں کو توجہ دلاتا ہوں کہ ہمیشہ اپنی زندگیوں کو خلافت احمدیہ کے استحکام اور قیام کے لئے خرچ کریں اور اس کام کے لئے اگر جان کی بازی بھی لگانی پڑے تو اس سے دریغ نہ کریں کیونکہ یہی ایک ذریعہ ہے جو قرآن کریم کے قول کے مطابق ( دین حق ) کو مستحکم بنا سکتا ہے اور دین کی اشاعت اطراف عالم میں کروا سکتا ہے۔اور آپ لوگوں نے جو احمدیت قبول کی ہے تو اسی لئے کی ہے کہ ( دینِ حق ) کو دنیا میں مستحکم کریں اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حکومت اور خدائے واحد کی حکومت کو دنیا میں قائم کریں۔اس مقصد میں کوئی ذرا سی بھی کوتاہی ہوئی تو اس کے معنے یہ ہوں گے کہ آپ نے اپنے وعدوں کو پورا نہیں کیا اور اپنے دعوؤں کو خود جھٹلا دیا ہے اور کا فراسی پر خوش ہوں گے اور خدا تعالیٰ اس پر ناراض ہوگا۔مگر نہ کافروں کی خوشی دنیوی طور پر آپ کے لئے برداشت کے قابل ہو سکتی ہے اور نہ خدا کی ناراضگی دینی طور پر آپ کے لیے قابل برداشت ہوسکتی ہے۔آپ کی کامیابی اسی میں ہے کہ کا فرآپ کی شان و شوکت کو دیکھ کر اور آپ کی خدمت کو دیکھ کر اور ( دینِ حق ) کی اشاعت کو دیکھ کر دل میں کڑھے اور اللہ تعالیٰ آپ کے ظاہر و باطن کو دیکھ کر خوش ہو اور ہمیشہ اس کے فرشتے آپ کی مدد کے لئے اور آپ کی نصرت کے لئے دنیا میں اترتے رہیں۔اور جس شخص کو خدا اور اس کے فرشتوں کی مدد حاصل ہو ظاہر ہے کہ وہ اور اس کی قوم ہمیشہ بالا ہی رہے گی۔کبھی نیچی نہیں ہو سکتی۔پس یہ میرا پیغام ہے جو میں آپ کو پہنچاتا ہوں۔امید ہے کہ آپ اس کو توجہ سے سنیں گے اور اس پر عمل کریں گے۔“ ( تاریخ احمدیت جلد 20 صفحہ 106 ناشر نظارت اشاعت ربوہ)