انوارالعلوم (جلد 21) — Page 376
انوار العلوم جلد ۲۱ ۳۷۶ قادیان سے ہماری ہجرت ایک آسمانی تقدیر تھی والے سمجھیں گے کہ اس میں اور بنک میں کوئی فرق نہیں اور جب کوئی فرق نہیں تو وہ کیوں اپنا روپیه امانت تحریک جدید یا امانت صدر انجمن احمد یہ میں جمع نہ کرائیں ۔ اس طرح لوگ خوشی سے اپنا روپیہ یہاں جمع کرائیں گے اور کثرت سے کرائیں گے۔ یہ امانت غیر تابع مرضی نہیں ہو گی بلکہ تابع مرضی ہو گی ۔ بے شک کوئی صبح جمع کرائے اور دو گھنٹے بعد اپنی رقم واپس لے لے ۔ اگر انجمن نے میرا مشورہ مان لیا تو احباب کو بوقت ضرورت بغیر کسی خرچ کے روپیہ واپس مل جائے گا۔ یا ان کے شہر کے بنک کے نام چیک بھجوا دیا جائے گا اور وہاں سے انہیں پوری کی پوری رقم مل جائے گی ۔ غرض یہ صورت ایسی ہے کہ بغیر کسی محنت کے اور بغیر کسی خطرے کے روپیہ جمع ہوسکتا ہے اور اُس سے فائدہ اُٹھایا جا سکتا ہے۔ بظاہر تو آئندہ کوئی خطرہ نظر نہیں آتا مگر پچھلے خطرہ کے وقت بھی جن لوگوں نے روپیہ جمع کرایا تھا ان کا روپیہ بالکل محفوظ رہا تھا اور اس میں بھی خدا تعالیٰ نے مجھے ہی کام کرنے کا موقع دیا تھا اور وہ اس طرح کہ بیت المال والوں نے اصرار کیا کہ روپیہ بنک میں محفوظ ہے اور اسے وہیں رہنے دیا جائے لیکن میں نے اصرار کیا کہ روپیہ جلد نکلوا ؤ ۔ اُس وقت ہندوستان سے روپیہ آنے میں کوئی روک نہ تھی ۔ خدا تعالیٰ کی قدرت ہے جو نہی اُنہوں نے روپے واپس منگوائے ہندوستان سے روپیہ آنا بند ہو گیا۔ صرف ۶۰ ہزار روپیہ کی ایک رقم باقی رہ گئی جو میرے مشورہ کے بغیر رہنے دی گئی تھی ۔ تیسری صورت قرض ہے اگر جماعت نے امانت کی طرف پوری توجہ نہ دی تو پھر جماعت کی بعض جائدادیں گرو رکھ کر اس کام کے لئے رقم حاصل کی جائے گی ۔ میرا ارادہ ہے کہ چندہ کی صورت میں ربوہ کی تعمیر کے لئے کوئی رقم جمع نہ کی جائے بلکہ جماعت کی بعض جائدادیں گرو رکھ کر قرض حاصل کر لیا جائے یا دوست امانت کی صورت میں اس کام میں مدد دیں ۔ اگر شہر بن گیا تو آپ لوگوں کے لڑکے یہاں آئیں گے اور تعلیم حاصل کریں گے اُس وقت خدا تعالیٰ آپ لوگوں کی جیبوں میں سے کسی اور صورت میں روپیہ نکال لے لگا۔ مثلاً آپ یہاں آئیں گے تو یہاں کے دُکانداروں سے سو دا خریدیں گے ۔ اس طرح دُکانداروں کی آمد نیں بڑھیں گی اور چندہ میں زیادتی ہوگی ۔