انوارالعلوم (جلد 19)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 171 of 669

انوارالعلوم (جلد 19) — Page 171

انوار العلوم جلد ۱۹ الفضل کے اداریہ جات سے یکدم نکال دینے چاہئیں۔پہلے وہ کلرک تھا، ہمنشی تھا ، چیپڑ اسی تھا، دفتری تھا، افسر تھا یا ماتحت تھا اب وہ ایک عظیم الشان آزاد حکومت کا بانی ہے۔اگر وہ چاہے تو وہ ایک ایسی عمارت تیار کر سکتا ہے جو تاج محل سے بھی زیادہ شاندار ہو۔اس کی قربانیاں اگر انسانوں کی نظر سے پوشیدہ رہیں گی تو خدا تعالیٰ کی نظر سے پوشیدہ نہیں رہیں گی۔انگلستان، فرانس اور امریکہ نے گزشتہ جنگوں میں اپنے سپاہیوں کا حوصلہ صرف اس تدبیر سے بڑھا دیا کہ جنگ کے بعد ایک غیر معروف سپاہی کی لاش کو ایک قومی یادگار کا رتبہ دے دیا جائے گا۔ایک غیر معروف سپاہی کی یادگار بنانے کا اعلان اگر سارے سپاہیوں میں ایک زندگی کی روح پیدا کر سکتا ہے اور موت کو ان کی آنکھوں میں حقیر بنا کر دکھا سکتا ہے تو کیا پاکستان کا ہر کا رکن اپنے نفس کو یہ کہہ کر بلند نہیں کرسکتا کہ میرا کام خواہ دنیا کی نظروں میں نہ آئے لیکن میرے کام کی وجہ سے جب پاکستان کی بنیادیں مضبوط ہو جائیں گی تو یقیناً میرا کام قیامت تک مسلمانوں کی نظروں میں رہے گا اور خواہ وہ میرا نام نہ جانتے ہوں مگر ہر کامیابی کے موقع پر اُن کے دلوں میں یہ دعا نکلے گی کہ خدا اس کا بھلا کرے جس نے پاکستان کی بنیا دوں کو مضبوط کیا تھا۔پس اے عزیزو! اپنے وقت کو رائیگاں ہونے سے بچاؤ، لغو بخشیں اور فضول گفتگوئیں دوسروں پر چھوڑ دو۔ہر دفتر کو مضبوط بنا دو ایسا مضبوط کہ آج کا کوئی کام کل پر نہ پڑے بلکہ کل کا کام بھی آج ہی کیا جائے۔نظام کو توڑنے کی بجائے اُس کو مضبوط کرو کہ کوئی دفتر نظام کے بغیر چل نہیں سکتا۔نظام شکایتوں سے نہیں بنا کرے، قربانیوں سے بنا کرتے ہیں۔اگر کوئی افسر تمہاری حق تلفی کرے گا تو تمہاری نظام کی پابندی خود اس کی بد دیانتی کو آشکارا کر دے گی اور تمہارے اچھا کام کرنے سے بُرا کام کرنے والے افسروں کی حقیقت آپ دنیا پر روشن ہو جائے گی۔نیکی آخر دنیا میں غالب آتی ہے، قربانی آخر لوگوں کی توجہ کو کھینچ لیتی ہے۔اگر ما تحت عملہ دیانتداری پر قائم ہو جائے گا تو افسر بھی دیانتداری پر مجبور ہو جائے گا۔بد دیانت افسر بد دیانت ماتحتوں کے ذریعہ سے ہی حکومت کرتے ہیں۔اگر ماتحت دیانتدار ہو جائیں تو بد دیانت افسر یا اپنا رویہ بدلنے پر مجبور ہو جاتا ہے یا پھر ذلیل ہو کر نکل جاتا ہے۔مگر یہ طریق بھی غلط ہے کہ افسر کو ہمیشہ ذلیل سمجھا جائے۔دیانتدار عنصر ہر گروہ اور ہر گروپ میں ملتا ہے۔