انوارالعلوم (جلد 10)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 106 of 700

انوارالعلوم (جلد 10) — Page 106

۱۰۶ چاہئے۔جو رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ہتک کرے اسے کیوں مارنا نہیں چاہئے آپ مسلمانوں کو اس بزدلی کی تعلیم نہ دیں ایک دو خطوط جن میں پتہ درج تھامیں نے انہیں قائل بھی کیا کہ ان کی رائے غلط ہے مگر اب یہ حالت ہے کہ ان لوگوں کو رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی عزت کی حفاظت کا خیال بھی نہیں رہا اور وہ آپ کی ہتک کرنے والوں کے دوست بن گئے ہیں۔ہم خود جانتے ہیں کہ ہندو مسلمانوں میں صلح ہو اور ملک کی ترقی کے لئے ہندو مسلمانوں کا اتحاد ضروری ہے مگر اس کے ساتھ ہی یہ بھی کہتے ہیں کہ اس بات کی ضرورت ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی تنگ کرنے والی کوئی بات نہ ہو۔کیا کوئی ہے جو اس بات کی ذمہ داری لے کہ اب ہندووں کی طرف سے رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے خلاف کوئی ناپاک کتاب شائع نہ ہوگی اور اسلام پر والآ زار حملے نہ کئے جائیں گے اب نہ تو ایسے حملوں کا احتمال جاتا رہا ہے اور نہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت کا کوئی سامان ہوا ہے پھر ہندو مسلمانوں میں اتحاد کس طرح ہو سکتا ہے۔رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی ذات پر کیوں حملہ کی جرأت پیدا ہوتی ہے اور کیوں اس نا پاک فعل کے ارتکاب کی دلیری کی جاتی ہے اس کی دو وجہیں ہیں۔ایک یہ کہ رسول کریم صلی الله علیہ و آلہ و سلم کی ذات کو ایسے بُرے طور پر پادریوں نے دنیا کے سامنے پیش کیا ہے کہ غیر مسلم لوگ واقعہ میں آپ سے بُغض اور نفرت رکھتے ہیں اور اکثر حصہ ایساہے کہ چاہے وہ منہ سے آپ کو گالی نہ دے مگر دل میں سمجھتا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے دنیا کو بڑا نقصان پہنچایا ہے اس وجہ سے آپ کے خلاف ناپاک حملے کئے جاتے ہیں۔دوسری وجہ یہ ہے کہ خود مسلمان رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی خوبیوں سے ناواقف ہونے کی وجہ سے دنیا کے سامنے آپ کی ذات کو ایسے رنگ میں پیش کرتے ہیں کہ آپ کے متعلق کسی کو محبت اور اخلاص نہیں پیدا ہو سکتا۔اس سال میں قصور گیا تو وہاں ایک ہندو نے مجھے ایسی باتیں کیں جنہیں سن کر میں شرم سے پانی پانی ہو گیا۔اس نے کہا یہ کیا بات ہے کہ محمد صاحب (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم)کی جب کوئی مولوی تعریف کرتا ہے تو یہی کہتا ہے کہ آپ زُلفیں ایسی خوبصورت تھیں، آپ کی آنکھیں ایسی رسیلی تھیں، آپ کے عارض ایسے دلکش تھے۔مذہبی تفوّق کو زُلفوں اور آنکھوں کی خوبصورتی سے کیا تعلق اس کے لئے مذہبی خوبیاں پیش کرنی چاہئیں۔بات یہ ہے کہ مسلمان خود رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی صفات سے ناواقف ہیں رسول کریم صلی الله علیہ و آلہ وسلم کی ذات پر جو حملے کئے جاتے ہیں ان کو دور کرنے کا بہترین طریق یہ ہے کہ غیر مسلموں میں رسول