اصحاب احمد (جلد 10)

by Other Authors

Page 113 of 556

اصحاب احمد (جلد 10) — Page 113

113 تاثرات چوہدری احمد علی خانصاحب :۔آپ کے ہمشیرہ زاد چوہدری احمد علیخانصاحب حال مقیم سرگودھا شہر لکھتے ہیں۔کہ:۔میں نے بچپن سے بتیس سال کی عمر تک حضرت حاجی صاحب کا قرب پایا۔آپ کا روزانہ کا معمول تھا کہ صبح دو اڑھائی بجے تہجد کے لئے بیدار ہوتے۔اکثر فجر کی اذان خود دیتے۔نماز فجر کے بعد قرآن مجید کا درس دیتے اور پھر طلباء کو قرآن مجید ناظرہ پڑھاتے۔نماز اشراق سے فارغ ہو کر گھر پر طالبات کو قرآن مجید اور کتب حضرت مسیح موعود و کتب دینی پڑھاتے بعد ناشتہ ایک دو گھنٹے کے لئے فصل کی دیکھ بھال کے لئے جاتے۔واپس آکر آئے ہوئے بیماروں کا مفت علاج کرتے۔دوپہر کے کھانے کے بعد ظہر کی نماز ادا کر کے مسجد میں طلباء کو قرآن مجید وغیرہ پڑھاتے اور سلسلہ کے رسائل و اخبارات آمدہ کا مطالعہ کرتے۔اور مرکز و احباب سے آمدہ خطوط کا جواب تحریر کرتے اور بعد عصر فصل کی دیکھ بھال اور سیر کرنے کیلئے جاتے اور مغرب کی نماز پڑھا کر گھر جاتے۔اور عشاء کی نماز پڑھا کر طلباء کو نماز با ترجمہ پڑھاتے۔آپ ہر جمعرات کو با قاعدگی سے مستورات کو اپنے گھر پر قرآن مجید اور احادیث کا درس دیتے تھے ، یتامی اور بیوگان کی خبر گیری کا خاص خیال رکھتے۔اعزہ واقارب کے ساتھ نہایت رواداری کا سلوک کرتے اور قادیان شریف سے کوئی مہمان آتا تو اس کی تواضع میں کمی نہ ہونے دیتے۔جمعہ کے روز حجامت اور کپڑے دھونے سے فارغ ہو کر مسجد میں اپنے ہاتھ سے جھاڑو دیتے۔اور صفیں بچھاتے اور مسجد میں بالعموم سب سے اول تشریف لاتے۔عیدین پر احمدی اور غیر احمدی اقارب کو دعوت طعام دیتے۔آپ ڈانٹ ڈپٹ نہیں کرتے تھے کلام میں بے حد شیرینی تھی۔غلطی اور نقصان معاف کر دیتے تھے۔ایک دفعہ میں نے کم عمری میں کسی ہم عمر کوز دو کوب کیا اور گالیاں بھی دیں اس کی شکایت پر میں نے حاجی صاحب کی خدمت میں سچ بولا اور اس امر کا اقرار کیا۔اور یہ سچ بولنا آپ ہی کی صحبت و تربیت کا نتیجہ تھا۔میری راست گفتاری پر آپ بہت مسرور ہوئے اور اپنی دونوں بیویوں سے بھی خوشی سے اس امر کا ذکر کیا۔اور فرمایا کہ احمد علی خاں بڑا سعادت مند اور اچھا لڑکا ہے۔اس طرح میری حوصلہ افزائی فرمائی۔میں نے آپ کو غصہ اور مسرت ہر دو حالتوں میں دیکھا ہے۔آپ کا چہرہ ہمیشہ پھول کی طرح کھلا رہتا۔گالی آپ کی زبان سے کبھی نہیں سنی گئی۔کسی کو آدھے نام سے نہیں پکارتے تھے ، پورے نام سے مخاطب کرتے