Chashma Ma'rafat

Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

About

یہ کتاب حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی وفات سے گیارہ روز قبل ۱۵؍مئی ۱۹۰۸ء کو شائع ہوئی تھی۔ اس کتاب کی تالیف کا باعث یہ واقعہ ہوا کہ ہندوستان کی اسلام دشمن تحریک آریہ سماج نے دسمبر ۱۹۰۷ء میں لاہور میں ایک مذہبی جلسہ کیا۔ اس جلسہ کے منتظمین نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور آپ کے متبعین کو خاص طور پر دعوت دی کہ وہ اس جلسہ میں شریک ہوں اور اسلام کی برتری اور صداقت پر مشتمل مضمون حاضرین کو سنائیں۔ آریوں نے یہ وعدہ کیا کہ اس اجتماع میں کسی مذہب کے خلاف دلآزار رویّہ اختیار نہیں کیا جائے گا۔ متانت اور تہذیب سے صرف اپنے اپنے مذاہب کی خوبیاں بیان ہوں گی۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اس موقع کے لیے ایک مضمون تحریر فرمایا۔ حضورؑ نے اپنے متبعین کو آریوں کے وعدہ پر اعتبار کرتے ہوئے جلسہ میں شرکت کی تلقین فرمائی لیکن آریوں نے حسب عادت اپنی تقریروں میں اسلام پر انتہائی ناروا حملے کئے۔ قرآن کریم کو نشانہ تضحیک بنایا اور سیّد المعصومین حضرت خاتم النبیین محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر بے بنیاد اور ناپاک الزامات لگائے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ’چشمہ معرفت‘ میں آریوں کے انہی اعتراضات کا جواب اور بہتانات کا ردّ فرمایا ہے اور آریوں کو سمجھانے کے لیے قرآن کریم اور وید کی تعلیمات کا موازنہ، الٰہی کتاب کی صفات اور زندہ مذہب کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے اسلام کی برتری ثابت فرمائی ہے اور حضرت خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم کے فیضان اور اسلام کی زندگی کے ثبوت میں علاوہ عقلی و نقلی دلائل کے اپنے وجود کو پیش فرمایا ہے۔ پہلے حصّے میں اعتراضات کا جواب ہے اور دوسرا حصّہ حضور کے اس مضمون پر مشتمل ہے جو اس جلسہ میں پڑھ کر سُنایا گیا۔ حضور نے اس کتاب میں باوا نانک رحمت اللہ علیہ کے مسلمان ہونے کے ثبوت میں سکھوں کی مستند کتب سے باوا نانکؒ کی پیش کردہ اسلامی تعلیمات بھی پیش فرمائی ہیں۔ جہاں یہ کتاب وید اور آریہ درھم کے ردّ میں ایک بلند پایہ علمی تصنیف ہے وہاں اس کے مطالعہ سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی اسلام کے لیے غیرت اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے حقیقی عِشق کا اظہار ہوتا ہے۔

All Formats

Share

page

of

545