صحیح مسلم (جلد سوم)

Page iv of 373

صحیح مسلم (جلد سوم) — Page iv

بسم الله الرحمن الرحيم مقدمه حضرت امام مسلم کا پورا نام ابوالحسین مسلم بن الحجاج بن مسلم القشیر ی تھا۔ابوالحسین آپ کی کنیت تھی اور عسا کر الدین لقب تھا۔قبیلہ بنو قشیر سے آپ تعلق رکھتے تھے جو عرب کا ایک مشہور خاندان تھا۔اور خراسان کا مشہور شہر نیشا پور آپ کا وطن تھا۔امام مسلم 204ھ میں پیدا ہوئے۔لیکن بعض علماء اور مورخین کی تحقیق یہ ہے کہ آپ کی ولادت 206 ھ میں ہوئی۔آپ نے 55 سال کی عمر پائی۔24 رجب 261 ھ کو نیشا پور میں وفات پائی اور وہیں تدفین ہوئی۔آپ کی شہرہ آفاق تالیف و تصنیف صحیح مسلم جس کو بخاری کے بعد اصح الکتب کہا جاتا ہے۔امام مسلم نے 3 لاکھ احادیث میں سے جانچ پڑتال کر کے تالیف کیا۔اور یہ احادیث ان کے مجوزہ معیار کے اعتبار سے مستند اور معتمد ہیں۔صحیح مسلم کے ترجمہ کا عربی متن ہم اس کتاب سے لے رہے ہیں جو دارالکتاب العربی بیروت لبنان ( طبع اولی 2004 کے نسخہ کے مطابق ہے۔اس میں 7563 روایات ہیں۔مگر یہ بات ذہن نشین رہے کہ اس تعداد میں بعض جگہ صرف اسناد کی بحث ہے یا پھر مثلہ“ کہہ کر پچھلی حدیث کے ساتھ سند کے مضمون کو ملا دیا گیا ہے۔جبکہ ترقیم فؤاد عبدالباقی کے مطابق صحیح مسلم کی احادیث کی تعداد 3033 بنتی ہے۔اس ترقیم میں بعض اوقات دو احادیث یا تین احادیث کے مضمون کو اکٹھا کر دیا گیا ہے۔جس کی وجہ سے مضمون کے سمجھنے میں کسی قدر مشکل ہوتی ہے۔یہ مد نظر رہے کہ صحیح مسلم کے ابواب حضرت امام مسلم کے تجویز کردہ نہیں ہیں جیسا کہ صحیح مسلم کے مشہور شارح حضرت امام نووی کہتے ہیں: ان ابواب کا عنوان امام مسلم کا تجویز کردہ نہیں ہے۔بلکہ بعد کے لوگوں نے یہ عناوین مقرر کئے ہیں۔“ ( المنهاج شرح مسلم صفحہ 23، 24 دار ابن حزم طبع بیروت ایڈیشن 2002)