سبیل الرّشاد (جلد چہارم) حصہ دوم — Page 472
سبیل الرشاد جلد چہارم حصہ دوم 440 جو دستور اساسی میں لکھا ہوا ہے اس کے مطابق کام کریں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے شرکاء کو مجلس انصار اللہ کے مقاصد کی روشنی میں تنظیمی ہدایات اور دستور اساسی کی پابندی کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تلقین فرمائی کہ عاملہ ممبران کو چاہیے کہ جو دستور اساسی میں لکھا ہوا ہے اس کے مطابق کام کریں۔ جو لائحہ عمل بناتے ہیں اس کے مطابق عمل کریں۔ عاجزی پیدا کریں اور تعاون اور تقویٰ سے کام لیں۔ جماعتی نظام سے بھی تعاون کریں۔ آپس میں بھی محبت اور پیار کریں۔ اور یہی چیز ہے جو ایک احمدی میں ہونی چاہیے اور یہی چیز ہے جس کے لئے انصار اللہ بنائی گئی تھی۔ نَحْنُ انْصَارُ الله کا نعرہ لگاتے ہیں تو پھر حقیقی مدد گار بن کر بھی دکھائیں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے امسال مجلس انصار اللہ یوکے کے نیشنل اجتماع کے موقع پر اپنے فرمودہ خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے یاد دلایا کہ میں نے پچھلے دنوں تقریر کی تھی کہ نَحْنُ أَنْصَارُ اللهِ ، کہ ہم اللہ کے مدد گار ہیں ، کا نعرہ لگاتے ہیں تو پھر حقیقی مدد گار بن کر بھی دکھائیں۔ یہی چیز ہے جو انصار کو چاہیے ، اس عمر کو پہنچے ہوئے ہیں، بچے تو ہیں نہیں جہاں آپ کو انگلی پکڑ کر چلانا ہے۔ جو جاگ رہا ہے پہلے ہی ، آنکھیں کھلی ہوئی ہیں، مچلا بنا ہوا ہے، اس کو تو نہیں جگایا جا سکتا۔ مچلے نہ بنیں۔ اگر حقیقت میں سوئے ہوئے ہیں تو پھر تو آپ کو ہلایا جا سکتا ہے۔ اس کے لئے بھی گائیڈ لائن ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اسی تناظر میں شاملین مجلس سے مزید دریافت فرمایا کہ پچھلے دنوں میں نے انصار الله یوکے، کے اجتماع پر جو تقریر کی تھی وہ آپ نے سن لی تھی ؟ تمام شاملین مجلس نے اس پر اثبات میں جواب دیا تو آپ نے تاکید فرمائی کہ بس پھر وہی آپ کا لائحہ عمل ہے۔ اسی طرح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے انصار اللہ کو اپنی اصلاح کی طرف خود توجہ دینے کی بابت فرمایا کہ بچوں کو تو میں سمجھاؤں، بڑھوں کو میں کیا سمجھاؤں جن کی سفید داڑھیاں ہو گئی ہیں ، ان کو تو خود اپنی فکر کرنی چاہیے۔