حقائق الفرقان۔۲۰۲۴ء ایڈیشن (جلد ۴) — Page 424
حقائق الفرقان ۴۲۴ سُوْرَةُ الْأَحْزَابِ آگ بجھ گئی ہے انجام برا معلوم ہوتا ہے۔ بہتر ہے کہ چپکے چپکے نکل جاؤں ۔ چنانچہ اس نے اپنا خیمہ ڈنڈا اکھیڑا اور وہاں سے چل کھڑا ہوا۔ پاس والوں نے جو دیکھا کہ وہ اس طرح سے نکل گیا ہے تو انہوں نے سمجھا کوئی بہت ہی خرابی کی بات واقع ہوئی ہے جو وہ راتوں رات بھاگا ہے۔ انہوں نے بھی اپنا بسترا بور یا لپیٹا اور بھاگ نکلے ۔ ان کو دیکھ کر پھر اور بھاگے غرض اس طرح خدا کے فرشتوں نے ان سب کو سراسیمہ اور ہراساں کر کے بھگادیا۔ یہاں تک کہ کفار کے لشکر کا کمانڈ ر اپنے اونٹ کی پچھاڑی کاٹنا بھی بھول گیا اور جلدی سے اونٹ پر سوار ہو کر اس کو ایڑی لگائی کہ چل پر وہ چلے کہاں ۔ اس وقت جو نعمت الہی مسلمانوں پر ہوئی۔ اس کا ذکر اس جگہ ان آیات میں ہے۔ ( بدر جلد نمبر ۲۵ مورخه ۲۲ ستمبر ۱۹۰۵ ء صفحه (۳) ۱۱ تا ۱۳ - إِذْ جَاءُوكُمْ مِنْ فَوْقِكُمْ وَ مِنْ أَسْفَلَ مِنْكُمْ وَإِذْ زَاغَتِ الْأَبْصَارُ وَ بَلَغَتِ الْقُلُوبُ الْحَنَاجِرَ وَ تَظُنُّونَ بِاللهِ الظُّنُونَا - هُنَالِكَ ابْتُلِيَ الْمُؤْمِنُونَ وَزُلْزِلُوا زِلْزَالًا شَدِيدًا - وَإِذْ يَقُولُ الْمُنْفِقُونَ وَالَّذِينَ فِي قُلُوبِهِمْ مَّرَضٌ مَّا وَعَدَنَا اللَّهُ وَرَسُولُهُ إِلَّا غُرُورًا - ترجمہ ۔ اور جب وہ تم پر آچڑھے تمہارے اوپر سے اور تمہارے نیچے کی جانب سے اور آنکھیں پھر گئیں اور دل گلوں تک پہنچ گئے اور اللہ پر تم طرح طرح کے گمان کرنے لگے۔ جہاں پر انعام دینے کے لئے ایمانداروں کی آزمائش کی گئی اور خوب زور سے ہلائے گئے ۔ اور جب منافق کہتے تھے ( منافق کون ) جن کے دلوں میں کمزوری ہے کہ اللہ اور اس کے رسول کا وعدہ تو دھوکا ہی دھوکا تھا۔ تفسیر - مِنْ فَوْقِكُم - شمالی جانب۔ مِنْ أَسْفَلَ مِنْكُمْ - جنوب ۔ الْحَنَاجِر ۔ تمہارے دل دھڑکتے تھے اور اب معلوم ہوتا تھا کہ گلے تک آ گئے ۔ ( ضمیمه اخبار بدر قادیان جلد ۹ نمبر ۴۵ مورخہ یکم ستمبر ۱۹۱۰ ء صفحه ۲۰۴) جنود لشکر کفار ۔ دس ہزار آدمی باہر سے حملہ آور ہوئے اور اندر سے یہود دشمن ہو گئے ۔