حقائق الفرقان۔۲۰۲۴ء ایڈیشن (جلد ۳)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 59 of 548

حقائق الفرقان۔۲۰۲۴ء ایڈیشن (جلد ۳) — Page 59

حقائق الفرقان ۵۹ سُورَةُ التَّوْبَة ٦٧ - الْمُنْفِقُونَ وَالْمُنْفِقْتُ بَعْضُهُم مِّنْ بَعْضٍ يَأْمُرُونَ بِالْمُنْكَرِ وَ يَنْهَوْنَ عَنِ الْمَعْرُوفِ وَ يَقْبِضُونَ أَيْدِيَهُمْ نَسُوا اللَّهَ فَنَسِيَهُمْ إِنَّ الْمُنْفِقِينَ هُمُ الْفَسِقُونَ - ترجمہ ۔ منافق مرد اور منافق عورتیں سب کی ایک ہی روش ہے وہ برے کاموں کا حکم دیتے ہیں اور اچھی بات سے روکتے ہیں اور اپنے ہاتھ بند کر لیتے ہیں ۔ انہوں نے اللہ کو چھوڑ دیا تو اللہ نے بھی ان کو چھوڑ دیا تو کچھ شک نہیں کہ منافق ہی بدکار فاسق ہیں۔ تفسیر۔ ہر ایک چیز اپنے نشان سے پہچانی جاتی ہے۔ درخت اپنے پھلوں سے پہچانا جاتا ہے۔ کسی پر مثلاً غضب آوے تو چہرہ پر اس کا اثر ضرور ظاہر ہوتا ہے۔ غرض انسان کے اندر جو کچھ ہو اس کا اثر ظاہر ہو ہی جاتا ہے۔ یہاں منافقوں کا ذکر ہے اس لئے ان کے نشان بتا تا ہے تا تمہیں اپنے نفسوں کے محاسبہ کا موقع ملے ۔ يَأْمُرُونَ بِالْمُنكَرِ ۔ منافق کے اندر چونکہ پسندیدہ بات کوئی نہیں ہوتی اس لئے وہ تحریکیں بھی ناپسندیدہ امور ہی کی کرتا رہتا ہے۔ يَقْبِضُونَ أَيْدِيَهُمْ ۔ چونکہ اسے جزا و سزا کے مسئلہ پر پورا یقین نہیں ہوتا ۔ اس لئے وہ کھلے دل خرچ فِي سَبِيلِ اللہ نہیں کر سکتا۔ فَنَسِيَهُمْ ۔ پس اس نے ان کو چھوڑ دیا۔ اللہ کسی کو بھولے یہ غلط بات ہے۔ خرچ مال بڑھانے سے بڑھتا اور گھٹانے سے گھٹتا ہے۔ ایک ہزار روپیہ روز پر بھی گزارہ کرتے ہیں اور ہمارے حضرت صاحب فرماتے تھے کہ ایک پیسہ پر انسان آٹھ پہر گزار سکتا ہے اور یہ تجربہ شدہ بات ہے۔ ایک وزیر اعظم نے مجھ سے بیان کیا کہ میں نے یہاں دو روپے پر امیدواری کے دو ماہ گزارے ہیں ۔ (ضمیمہ اخبار بدر قادیان جلد ۹ نمبر ۱ مورخه ۱۱ نومبر ۱۹۰۹ء صفحه ۱۱۶)