حقائق الفرقان۔۲۰۲۴ء ایڈیشن (جلد ۳)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 323 of 548

حقائق الفرقان۔۲۰۲۴ء ایڈیشن (جلد ۳) — Page 323

حقائق الفرقان ۳۲۳ سُورَة النَّحل عبدالمطلب چلنے لگے۔ اس نے کہا کہ آپ کچھ مانگ لیں۔ انہوں نے کہا میری سو اونٹنیاں تمہارے آدمیوں نے پکڑی ہیں وہ واپس بھیج دو۔ تب اس بادشاہ نے حقارت کی نظر سے عبد المطلب کو کہا کہ مجھے بڑا تعجب ہے کہ تمہیں اپنی اونٹنیوں کی فکر لگ رہی ہے اور ہم تمہارے اس معبد کو تباہ کرنے کے لئے آئے ہیں۔ عبدالمطلب نے کہا کیا ہمارا مولی جو ذرہ ذرہ کا مالک ہے۔ جب یہ معبد اسی کے نام کا ہے اور اسی کی طرف منسوب ہے۔ وہ اس کی حفاظت نہیں کرے گا ؟ اگر وہ اپنے معبد کی خود حفاظت نہیں کرنا چاہتا تو ہم کیا کر سکتے ہیں۔ آخر اس بادشاہ کے لشکر میں خطرناک و با پڑی اور چیچک کا مرض جو حبشیوں میں عام طور پر پھیل جاتا ہے ان پر حملہ آور ہوا۔ اور اوپر سے بارش ہوئی اور اس وادی میں سیلاب آیا بہت سارے لشکری ہلاک ہو گئے اور جیسے عام قاعدہ ہے کہ جب کثرت سے مردے ہو جاتے ہیں اور ان کو کوئی جلانے والا اور گاڑھنے والا نہیں رہتا ۔ تو ان کو پرندے کھاتے ہیں۔ ان موذیوں کو بھی اسی طرح جانوروں نے کھایا۔ یہ کوئی پہلی اور معمہ نہیں۔ تاریخی واقعہ ہے۔ پر افسوس تمہاری عقلوں پر !!! (نورالدین بجواب ترک اسلام ۔ کمپیوٹرائز ڈایڈیشن صفحہ ۲۱۱،۲۱۰) ۱ - وَاللهُ جَعَلَ لَكُمْ مِنْ بُيُوتِكُمُ سَكَنَا وَ جَعَلَ لَكُمْ مِنْ جُلُودِ الْأَنْعَامِ بُيُوتًا تَسْتَخِفُونَهَا يَوْمَ ظَعْنِكُمْ وَ يَوْمَ إِقَامَتِكُمْ وَ مِنْ أَصْوَافِهَا وَ أَوْبَارِهَا وَ أَشْعَارِهَا أَثَاثًا وَ مَتَاعًا إِلَى حِينٍ - ترجمہ۔ اور اللہ ہی نے بنا دیا تمہارے لئے تمہارے گھروں کو امن چین کی جگہ اور تمہارے لئے بنا دئے چوپایوں کی کھالوں سے گھر جس کو تم ہلکا پاتے ہو اپنے کوچ کے وقت اور ٹھہرنے کے وقت اور بنا دیے ان کے اون اور ببریوں اور بالوں سے بہت سامان اور برتنے کی چیزیں مرے تک ۔ تفسیر وَاللهُ جَعَلَ لَكُمْ ۔ مکہ میں مسلمانوں کو آرام نہیں تھا۔ خدا تعالیٰ فرماتا ہے۔ گھبراؤ نہیں ہم نے تمہارے لئے آرام کے گھر تجویز کر دیتے ہیں۔ أَوْبَارِهَا ۔ اُونٹ کے بالوں کو وبَر کہتے ہیں بھیڑوں کے بالوں کو صوف کہتے ہیں ۔ (ضمیمه اخبار بدر قادیان جلد ۹ نمبر ۱۷ مورخه ۱۰ فروری ۱۹۱۰ ء صفحه ۱۴۶)