حقائق الفرقان۔۲۰۲۴ء ایڈیشن (جلد ۲)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 182 of 536

حقائق الفرقان۔۲۰۲۴ء ایڈیشن (جلد ۲) — Page 182

حقائق الفرقان ۱۸۲ سُورَةُ النِّسَاء فرمانبردار ہیں ، ادب والی ہیں ۔ حفاظت رکھتی ہیں پیٹھ پیچھے تنہائی میں اللہ کی حفاظت سے ، اور جن عورتوں کی شرارت اور نافرمانی کا تم کو اندیشہ ہو تو ان کو سمجھا دو اور جدا کردوان کو ہم بستری سے اوران کو مارو پھر اگر وہ تمہاری اطاعت کرنے لگیں تو ان پر الزام کی راہ نہ ڈھونڈو۔ بے شک اللہ بلند مرتبہ والا بڑی شان والا ہے۔ تفسیر - الرِّجَالُ قَوَّامُونَ عَلَى النِّسَاءِ ۔ یہ آیت بیا ہے ہوئے مردوں کو بہت اچھی لگتی ہے۔ اس کا معنی یہ ہے کہ مردوں کو چاہیے۔ اپنی بیویوں کے محافظ اور ان کی درستی اور ٹھیک رکھنے کا موجب بنیں ۔ بِمَا فَضَّلَ الله - کیونکہ مردوں کو خدا نے اس قسم کی لیاقتیں اور موقعے بخشے ہیں۔ عورتیں بھی مردوں کے ناموس کی محافظ ہیں ۔ نشُوزَهُنَّ ۔ ان کی بدخوئی کا ڈر ہے۔ تو ان کو نصیحت کرو۔ پھر بستر سے الگ کرو ( فِي الْمَضَاجِعِ میں جو اشارہ ہے اور آجکل کے رسمی مسلمانوں میں جو بود و باش کا طرز ہے۔ قابل غور ہے اللہ تعالیٰ نے مرد و عورت کے تعلقات کو واضح کیا۔ مردوں کو فرض ہے کہ ان کی اصلاحیں سمجھا ئیں تا کہ وہ نیک اور فرماں بردار بنیں ۔ صوفیوں نے کہا۔ انسان تو رجُل ہے اور نفس مؤنث ہے۔ مومن انسان وہ ہوتا ہے جو اس عورت کو وعظ کرے یعنی اپنے نفس کی اصلاح کرے۔ ایک مرتبہ میرے دل میں ایک گناہ کی خواہش پیدا ہوئی۔ میں نے بہت سی حمائلیں خرید لیں ۔ ایک جیب میں ، ایک صدری میں اور ایک ہاتھ میں ۔ ایک بسترے میں ۔ ایک الماری میں ۔ غرض کوئی جگہ خالی نہ رہی۔ جب خیال آتا فوراً قرآن نظر پڑتا یہاں تک کہ نفس کی وہ خواہش جاتی رہی۔ مولوی محمد اسماعیل صاحب نے اپنی کتاب میں بخل کا علاج لکھا ہے کہ جب ایک پیسے کا بخل ہو تو اس سے دُگنا چو گنا بلکہ سینکڑوں روپے خرچ کرے تا عادت ہو جائے۔ (ضمیمه اخبار بدر قادیان جلد ۸ نمبر ۳۹ مورخه ۲۲ جولائی ۱۹۰۹ ء صفحہ ۷۶،۷۵) الرِّجَالُ قَوْمُونَ عَلَى النِّسَاءِ ۔ مرد حاکم ہیں عورتوں پر ۔ ( فصل الخطاب لمقدمه اہل الکتاب حصہ اول صفحه ۴۴ حاشیه )