ملفوظات (جلد 1)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 131 of 606

ملفوظات (جلد 1) — Page 131

ملفوظات حضرت مسیح موعود ۱۳۱ جلد اول ۱۴ جنوری ۱۸۹۸ء آخرت پر نظر رکھیں فرمایا۔ لوگو کولازم ہےکہ آخرت پرنظر رکھیں عذاب سے پہلے ڈرنا چاہیے ع مرد آخر ہیں مبارک بندہ ایست دیکھو! لوط وغیرہ قوموں کا انجام کیا ہوا۔ ہر ایک کو لازم ہے کہ دل اگر سخت بھی ہو تو اس کو ملامت کر کے خشوع و خضوع کا سبق دے۔ ہماری جماعت کے لئے سب سے ضروری ہے کیونکہ ان کو تازہ معرفت ملتی ہے۔ اگر کوئی دعوئی تو معرفت کا کرے مگر اس پر چلے نہیں تو یہ لاف و گزاف ہی ہے۔ اس لئے ہماری جماعت دوسروں کی غفلت سے خود غافل نہ رہے اور ان کی محبت کو سرد دیکھ کر اپنی محبت کو ٹھنڈی نہ کرے۔ انسان بہت تمنائیں رکھتا ہے۔ غیب کی قضا و قدر کی کس کو خبر ہے۔ آرزوؤں کے موافق زندگی کبھی نہیں چلتی ہے۔ آرزوؤں کا سلسلہ اور ہے اور قضا و قدر کا سلسلہ اور ہے اور یہی سلسلہ سچا ہے۔ یا د رکھو کہ خدا تعالیٰ کے پاس انسان کے سوانح سچے ہیں ۔ اسے کیا معلوم ہے کہ اس میں کیا کیا لکھا ہے اس لئے دل کو جگا جگا کر متوجہ کرنا چاہیے۔ (فرمایا ) ۔ افسوس کی بات ہے کہ عام طور پر مصائب کے آنے کی وجہ سے لوگوں کا عُجب ونخوت دور نہیں ہوا۔ میں سچ کہتا ہوں کہ یہ دور نہ ہوں گی جب تک لوگوں کی ضد اور اُڑ دور نہ ہوگی ۔ میں دیکھتا ہوں کہ لوگ خدا تعالیٰ سے پوری مصالحت کے لئے طیار نہیں ہیں۔ قحط کے دوران میں لوگوں نے محسوس نہیں کیا۔ ابتدا میں مکہ و مدینہ کا فتوی بھی ڈرا دیا کرتا تھا۔ جب کبھی کوئی کہتا کہ مکہ معظمہ سے یہ فتوی آیا ہے تو لوگ ڈر جاتے تھے لیکن اب ان مصائب کو دیکھ کر بھی لوگ نہیں ڈرتے ۔ میری رائے ہے جب تک کہ لوگ کامل طور پر رجوع نہ کریں تقدیر نہ بدلے گی ۔ إِنَّ اللَّهَ لَا يُغَيِّرُ مَا بِقَوْمٍ حَتَّى يُغَيِّرُوا مَا بِأَنْفُسِهِمْ (الرعد: ۱۲) الحکم جلد ۵ نمبر ۲۲ مورخه ۱۷ رجون ۱۹۰۱ صفحه ۴