مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 258 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 258

مکتوبات احمد ۲۵۸ مکتوب نمبر ۵۳ ملفوف بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ محبی عزیزی نواب صاحب سلمہ ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ جلد دوم ۔ یہ مضمون پڑھ کر کہ عزیزی عبدالرحمن خاں کو پھر بخار ہو گیا ہے، نہایت قلق ہوا ۔ خدا تعالیٰ شفاء بخشے ۔ اب میں حیران ہوں کہ اس وقت جلد آنے کی نسبت کیا رائے دوں ۔ پھر دعا کرنا شروع کر دیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ شفاء بخشے ۔ اس جگہ طاعون سخت تیزی پر ہے۔ ایک طرف انسان بخار میں مبتلا ہوتا ہے اور صرف چند گھنٹوں میں مر جاتا ہے۔ خدا تعالیٰ خوب جانتا ہے کہ کب تک یہ ابتلا دور ہو۔ لوگ سخت ہراساں ہو رہے ہیں زندگی کا اعتبار اٹھ گیا ہے۔ ہر طرف چیخوں اور نعروں کی آواز آتی رہتی ہے، قیامت برپا ہے۔ اب میں کیا کہوں اور کیا رائے دوں ۔ سخت حیران ہوں کہ کیا کروں ۔ اگر خدائے تعالیٰ کے فضل سے بخار اتر گیا ہے اور ڈاکٹر مشورہ دے دے کہ اس قد ر سفر میں کوئی حرج نہیں تو بہت احتیاط اور آرام کے لحاظ سے عبدالرحمن کو لے آئیں ۔ مگر بٹالہ سے ڈولی کا انتظام ضرور چاہئے ۔ اس جگہ نہ ماجیور ڈولی بردار ملتا ہے نہ ڈولی کا بندوبست ہوسکتا ہے ۔ بٹالہ سے کرنا چاہئے ۔ آپ کے گھر میں ہر طرح خیریت ہے ۔ ام حبیبہ مرزا خدا بخش کی بیوی برابر آپ کے گھر میں سوتی ہے اور بچے چھوڑ کر چلی جاتی ہے۔ وہ اکثر روتے چیختے رہتے ہیں ۔ کوئی عورت نہیں جوان کی حفاظت کرے اس لئے یہ تجویز خیال میں آتی ہے کہ اگر ممکن ہو تو چند روز مرزا خدا بخش آ کر اپنے بچوں کو سنبھالیں ۔ وہ بالکل ویرانہ حالت میں ہیں ۔ باقی سب طرح خیریت ہے ۔ والسلام خاکسار مرزاغلام احمد عفی عنہ مکرر یہ کہ آتے وقت ایک بڑا بکس فینائل کا جو سولہ یا بیس روپیہ کو آتا ہے، ساتھ لے آویں۔ اس کی قیمت اس جگہ دی جاوے گی اور علاوہ اس کے آپ بھی اپنے گھر کے لئے فینائل بھیج دیں اور ڈس انفیکٹ کے لئے اس کپور اس قدر بھیج دیں جو چند کمروں کے لئے کافی ہو ۔