مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 158
مکتوبات احمد ۱۵۸ مکتوب نمبر ۳ ملفوف بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ جلد دوم بخدمت اخویم عزیزی خان صاحب محمد علی خاں ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ ۔ عنایت نامه متضمن به دخول در سلسله بیعت این عاجز موصول ہوا۔ دعا ثبات و استقامت درحق آل عزیز کی گئی ۔ ثبتكم على التقوى والايمان وفتح لكم ابواب الخلوص والمحبة والعرفان امین ثم آمین۔ اشتہار شرائط بیعت بھیجا جاتا ہے۔ جہاں تک وسعت و طاقت ہو اس پر پابند ہوں اور کمزوری کے دور کرنے کے لئے خدا تعالیٰ سے مدد چاہتے رہیں ۔ اپنے رب کریم سے مناجات خلوت کی مداومت رکھیں اور ہمیشہ طلب قوت کرتے رہیں ۔ جس دن کا آنا نہایت ضروری اور جس گھڑی کا وارد ہو جانا نہایت یقینی ہے اس کو فراموش مت کرو اور ہر وقت ایسے رہو کہ گویا تیار ہو ۔ کیونکہ نہیں معلوم کہ وہ دن اور وہ گھڑی کس وقت آ جائے گی ۔ سو اپنے وقتوں کی محافظت کرو اور اس سے ڈرتے رہو۔ جس کے تصرف میں سب کچھ ہے ۔ جو شخص قبل از بلا ڈرتا ہے۔ اس کو امن دیا جائے گا ۔ مگر جو شخص بلا سے پہلے دنیا کی خوشیوں میں مست ہو رہا ہے، وہ ہمیشہ کے لئے دکھوں میں ڈالا جائے گا۔ جو شخص اس قادر سے ڈرتا ہے۔ وہ اس کے حکموں کی عزت کرتا ہے۔ پس اس کو عزت دی جائے گی۔ مگر جو شخص نہیں ڈرتا اس کو ذلیل کیا جائے گا ۔ دنیا بہت ہی تھوڑا وقت ہے۔ بے وقوف ہے وہ شخص جو اس سے دل لگا دے، اور نادان ہے وہ آدمی جو اس کے لئے اپنے رب کریم کو ناراض کرے ۔ سو ہوشیار ہو جاؤ تا غیب سے قوت پاؤ ۔ دعا بہت کرتے رہو اور عاجزی کو اپنی خصلت بناؤ ۔ جو صرف رسم اور عادت کے طور پر زبان سے دعا کی جاتی ہے یہ کچھ بھی چیز نہیں ۔ اس میں ہرگز زندگی کی روح نہیں جب دعا کرو تو بجز صلوٰۃ فریضہ کے یہ دستور رکھو کہ اپنی خلوت میں جاؤ اور اپنی ہی زبان میں نہایت عاجزی کے ساتھ جیسے ایک ادنیٰ سے ادنی بندہ ہوتا ہے،