خطبات مسرور (جلد 15۔ 2017ء) — Page 86
خطبات مسرور جلد 15 86 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 24 فروری 2017 خاوند کے بعد 2004ء میں بیعت کی تھی لیکن اخلاص و وفا میں اپنے خاوند اور بچوں سے بہت آگے تھیں۔ان کے خاوند مکرم مرعی صاحب بیان کرتے ہیں کہ بیعت کے کچھ عرصہ بعد حاملہ ہوئیں اور حمل کے دوران ایک دن سیڑھیوں سے گر گئیں اور خطرہ تھا کہ حمل ضائع نہ ہو گیا ہو۔رات کو سوئیں تو خواب دیکھا کہ کوئی شخص آسمان سے آواز دیتا ہے کہ ڈرو مت، اللہ اس جنین کی حفاظت کرے گا اور اس پر فیصلہ کیا گیا کہ اگر بیٹا ہوا تو اس کا نام احمد رکھیں گی۔چنانچہ ایسا ہی کیا۔پھر جب اس بچے کی عمر چھ سال تھی تو اسی قسم کا خواب دیکھا کہ آسمان سے آواز آتی ہے کہ اللہ اس بچے کی حفاظت کرنے والا ہے۔اس کے بعد ایک دن اس بچے کے ساتھ ہائی وے (Highway) کے کنارے پر چل رہی تھی کہ اچانک اس بچے نے ہاتھ چھڑایا اور سڑک پار کرنے لگا۔اس پر انہوں نے اپنا سر پکڑا اور آنکھیں بند کر لیں۔جب آنکھیں کھولیں تو ان کا بچہ بالکل ٹھیک ٹھاک سڑک کی دوسری طرف پہنچ چکا تھا اور ہاتھ ہلا رہا تھا۔اس پر انہیں اپنی وہ خواب یاد آگئی۔ان کے میاں بیان کرتے ہیں کہ نیکیوں میں سبقت لے جانے والی تھیں۔جب بھی مجھے کسی کے ساتھ کوئی نیکی کرنے کا خیال آتا اور میں کہتا کہ میں اہلیہ کو بتاؤں گا کہ ہمیں ایسا کرنا چاہئے تو وہ بتاتی کہ مجھے بھی یہی خیال آیا تھا اور میں نے اس یقین سے اس پر عمل کر دیا ہے کہ آپ مخالفت نہیں کریں گے بلکہ حوصلہ افزائی کریں گے۔خاوند ابھی سوچ رہا ہو تا تھا اور یہ نیکی کر چکی ہوتی تھیں۔خاوند کہتے ہیں کہ اس قسم کے واقعات سے شاید ہی کوئی ہفتہ خالی گزرا ہو۔جرمنی میں آپ کے داماد مصعب شویری صاحب کہتے ہیں کہ بہت نیک سیرت اور سادہ لوح خاتون تھیں۔کسی سے دشمنی نہ تھی۔بہت سخاوت کرنے والی تھیں۔ان کے خاوند کی 2009ء سے 2013ء تک کی گرفتاری کے دوران انہوں نے بہت محنت کر کے بچوں کا پیٹ پالا اور سب کو سنبھالا اور گزشتہ قرض بھی ادا کئے۔ہر کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتیں۔سب سے محبت اور پیار سے پیش آتیں۔چندے ہمیشہ باقاعدگی سے ادا کرتی تھیں۔ان کی تدفین دمشق کے علاقے حوش عرب میں ہوئی ہے جہاں تدفین سے قبل احمدیوں اور غیر احمدیوں نے الگ الگ جنازہ پڑھا۔اللہ تعالیٰ مرحومہ سے مغفرت کا سلوک فرمائے۔ان کے درجات بلند کرے اور ان کی نسلوں کو بھی جماعت اور خلافت سے پختہ تعلق قائم رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔(الفضل انٹر نیشنل مورخہ 17 مارچ 2017 ء تا 23 مارچ 2017ء جلد 24 شمارہ 11 صفحہ 05 تا08)