خطبات مسرور (جلد 14۔ 2016ء) — Page 679
خطبات مسرور جلد 14 679 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 30 دسمبر 2016 ساتھ خراب بوٹیاں بھی پیدا ہو جاتی ہیں جو کاٹنے اور جلانے کے لائق ہوتی ہیں۔ایسا ہی قانون قدرت چلا آیا ہے جس سے ہماری جماعت باہر نہیں ہو سکتی۔اور میں جانتا ہوں کہ وہ لوگ جو حقیقی طور پر میری جماعت میں داخل ہیں ان کے دل خدا تعالیٰ نے ایسے رکھے ہیں کہ وہ طبعاً بدی سے متنفر اور نیکی سے پیار کرتے ہیں اور میں امید رکھتا ہوں کہ وہ اپنی زندگی کا بہت اچھا نمونہ لوگوں کے لئے ظاہر کریں گے۔" ( مجموعہ اشتہارات جلد 3 صفحہ 46-49۔اشتہار مورخہ 29 مئی 1898 ء اپنی جماعت کو متنبہ کرنے کے لئے ایک ضروری اشتہار) اللہ تعالیٰ کرے کہ ہم حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی اس نصیحت اور اس انتباہ کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی زندگیاں گزارنے والے ہوں۔جو عہدِ بیعت ہم نے کیا ہے اسے پورا کرنے والے ہوں۔ہماری زندگیاں اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کے لئے گزرنے والی ہوں۔ہم اپنی زندگیوں کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی خواہش کے مطابق ڈھالتے ہوئے اپنی زندگی کا اچھا نمونہ لوگوں کے سامنے پیش کرنے والے اور ظاہر کرنے والے ہوں۔اللہ تعالیٰ ہماری کو تاہیوں سے پردہ پوشی فرماتے ہوئے ہمیں انعامات سے نوازے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی جماعت کے لئے جو کامیابیاں مقدر ہیں وہ ہمیں دکھائے۔نیا چڑھنے والا سال برکتوں کو لے کر آئے اور دشمن کے منصوبے ناکام و نامراد ہوں جن کی منصوبہ بندی میں یہ جماعت کی مخالفت میں بڑھتے چلے جا رہے ہیں۔پاکستان کے احمدی جو اس سال قادیان کے جلسے پر نہیں جاسکے اور اس سے ان کو بڑا افسوس بھی ہے، اللہ تعالیٰ ان کی تشنگی کو ختم کرنے کے بھی سامان پیدا فرمائے۔الجزائر کے احمدیوں کی مشکلات بھی دور فرمائے۔ان میں سے بھی بعضوں پر غلط مقدمے ہیں اور جیلوں میں اس وقت اسیر بنے ہوئے ہیں۔جیلوں میں ان کو رکھا ہوا ہے۔اللہ تعالیٰ ان کی بھی رہائی کے سامان پیدا فرمائے۔دشمن جب زیادتیوں اور ظالمانہ حرکتوں میں بڑھ رہا ہے تو ہمیں بھی اپنی حالتوں کو اللہ تعالیٰ کی رضا کے مطابق ڈھالتے ہوئے دعاؤں پر زیادہ زور دینے کی ضرورت ہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔الفضل انٹر نیشنل مورخہ 20 جنوری 2017ء تا 26 جنوری 2017ء جلد 24 شمارہ 03 صفحه 05 تا08)