خطبات مسرور (جلد 14۔ 2016ء) — Page 374
خطبات مسرور جلد 14 374 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 01 جولائی 2016 اب میں اس بات کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہ یہ مسیح موعود کا زمانہ تھا اور جمعہ کے ساتھ اس کی خاص اہمیت ہے اور پھر ہماری ذمہ داریاں کیا ہیں اس کی طرف توجہ دلاتے ہوئے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے ایک دو اقتباس پیش کرتا ہوں۔ایک جگہ آپ فرماتے ہیں کہ " خدا تعالیٰ نے جو اتمام نعمت کی ہے وہ یہی دین ہے جس کا نام اسلام رکھا ہے۔پھر نعمت میں جمعہ کا دن بھی ہے جس روز اتمام نعمت ہو ا۔یہ اس کی طرف اشارہ تھا کہ پھر اتمام نعمت جو لِيُظهِرَهُ عَلَى الدِّينِ كُلّہ کی صورت میں ہو گا وہ بھی ایک عظیم الشان جمعہ ہو گا۔وہ اب آگیا ہے کیونکہ خدا تعالیٰ نے وہ جمعہ مسیح موعود کے ساتھ مخصوص رکھا ہے۔" (ملفوظات جلد سوم صفحہ 183) پھر آپ ہمیں توجہ دلاتے ہیں آپ فرماتے ہیں کہ : " میں سچ کہتا ہوں کہ یہ ایک تقریب ہے جو اللہ تعالیٰ نے سعادت مندوں کے لئے پیدا کر دی ہے۔مبارک وہی ہیں جو اس سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔تم لوگ جنہوں نے میرے ساتھ تعلق پیدا کیا ہے اس بات پر ہر گز ہر گز مغرور نہ ہو جاؤ کہ جو کچھ تم نے پانا تھا پا چکے۔یہ سچ ہے کہ تم ان منکروں کی نسبت قریب تر بہ سعادت ہو جنہوں نے اپنے شدید انکار اور توہین سے خدا کو ناراض کیا۔اور یہ بھی سچ ہے کہ تم نے حسن ظن سے کام لے کر خدا تعالیٰ کے غضب سے اپنے آپ کو بچانے کی فکر کی۔لیکن سچی بات یہی ہے کہ تم اس چشمہ کے قریب آ پہنچے ہو جو اس وقت خدا تعالیٰ نے ابدی زندگی کے لئے پیدا کیا ہے۔ہاں پانی پینا ابھی باقی ہے۔پس خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے توفیق چاہو کہ وہ تمہیں سیراب کرے کیونکہ خدا تعالیٰ کے پڑوں کچھ بھی نہیں ہو سکتا۔یہ میں یقیناً جانتا ہوں کہ جو اس چشمہ سے پئے گا وہ ہلاک نہ ہو گا کیونکہ یہ پانی زندگی بخشتا ہے اور ہلاکت سے بچاتا ہے اور شیطان کے حملوں سے محفوظ کرتا ہے۔اس چشمہ سے سیراب ہونے کا کیا طریق ہے ؟ یہی کہ خدا تعالیٰ نے جو دو حق تم پر قائم کئے ہیں ان کو بحال کرو اور پورے طور پر ادا کرو۔ان میں سے ایک خدا کا حق ہے ، دوسر ا مخلوق کا۔" ( ملفوظات جلد سوم صفحہ 185-184) پس آج ہم سب یہ عہد کریں کہ ہم اپنے عہد بیعت کو پورا کرنے والے بنیں گے اور اللہ تعالیٰ اور اس کی مخلوق کے حق اسی طرح ادا کرنے کی کوشش کریں گے جس طرح ایک مومن سے توقع کی جاتی ہے اور جس طرح اللہ تعالیٰ نے حکم فرمایا ہے اور جس کا اظہار حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا ہے۔رمضان کی برکات کو ہم ہمیشہ اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں گے انشاء اللہ۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔الفضل انٹر نیشنل مورخہ 22 جولائی 2016 ء تا 28 جولائی 2016ء جلد 23 شمارہ 30 صفحہ 05 تا08)