خطبات مسرور (جلد 14۔ 2016ء) — Page 154
خطبات مسرور جلد 14 154 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 11 مارچ 2016 معتقد وہ ہوتا ہے جو پیغمبروں کا مظہر ہو۔صحابہ کرام نے اس راز کو خوب سمجھ لیا تھا اور وہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت میں ایسے گم ہوئے اور کھوئے گئے کہ ان کے وجود میں اور کچھ باقی رہا ہی نہیں تھا۔جو کوئی ان کو دیکھتا تھا ان کو محویت کے عالم میں پاتا تھا"۔اللہ تعالیٰ کے قرب کو پانے میں اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اُسوہ کو اپنانے میں ڈوبے ہوئے تھے۔" پس یاد رکھو کہ اس زمانہ میں بھی جب تک وہ محویت اور وہ اطاعت میں گمشدگی پیدا نہ ہو گی جو صحابہ کرام میں پیدا ہوئی تھی مریدوں معتقدوں میں داخل ہونے کا دعویٰ تب ہی سچا اور بجا ہو گا۔یہ بات اچھی طرح پر اپنے ذہن نشین کر لو کہ جب تک یہ نہ ہو کہ اللہ تعالیٰ تم میں سکونت کرے اور خدا تعالیٰ کے آثار تم میں ظاہر ہوں اس وقت تک شیطانی حکومت کا عمل ودخل موجو د ہے۔" ( ملفوظات جلد 2 صفحہ 168-169) اللہ تعالیٰ کرے کہ ہم خالص ہو کر اللہ تعالیٰ کا بننے کی کوشش کریں۔تمام فحشاء اور منکر سے بچیں۔تمام قسم کی برائیوں سے بچیں۔ہر قسم کے تکبر سے بچیں۔اپنے نفس کے تزکیہ کی کوشش کرتے رہیں تاکہ اللہ تعالیٰ کے فضلوں کے وارث بنیں۔ہمیشہ ہماری نظر خدا تعالیٰ پر ہو اور وہی ہمارا رب رہے۔ہمیشہ اسی کی مالکیت ہمارے دلوں پر قبضہ جمائے رکھے۔وہی ہمارا معبود رہے اور اس کو ہم ہمیشہ پکارنے والے بنے رہیں اور شیطان کے قدموں پر چلنے سے بچتے رہیں۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔(الفضل انٹر نیشنل مورخہ 01 / اپریل 2016ء تا 07/ اپریل 2016ء جلد 23 شماره 14 صفحہ 05 تا08)