مجموعہ اشتہارات (جلد 3) — Page 473
مجموعه اشتہارات ۴۷۳ ۲۹۵ جلد سوم قابل توجه ناظرین اے پیارے ناظرین خدا آپ صاحبوں کے دلوں میں سچائی کا الہام کرے اور میری کوشش کو جو میں نے سراسر ہمدردی اور نیک نیتی سے کی ہے آپ لوگوں کے لئے مفید بناوے۔ آمین! اس کتاب کا پہلا حصہ جو میری طرف سے آریہ سماج کے جلسہ میں سنایا گیا تھا۔ میں نے وہ حصہ اس کتاب کے آخر میں شامل کر دیا ہے۔ اور میں نے یہی مناسب سمجھا کہ اول ان تمام اعتراضات کا جواب لکھوں جو نہایت بُرے پیرا یہ اور بد تہذیبی سے آریہ صاحبوں کی طرف سے ایک عام مجمع میں حاضرین کا دل دُکھانے کے لئے پڑھے گئے تھے۔ اور بعد میں کتاب کے آخر میں اپنا وہ مضمون شامل کر دوں جو میری طرف سے اس جلسہ میں پڑھا گیا تھا۔ اور اسی غرض سے میں نے اُس پہلے حصہ کی اشاعت اس وقت تک روک رکھی تھی جب تک کہ میں آریہ صاحبوں کے اعتراضات کا جواب لکھ لوں ۔ سو الْحَمْدُ لِلَّهِ وَالْمَنَّةِ کہ وہ جواب پورے طور پر لکھا گیا۔ اس لئے میں نے وہ مضمون جو جلسہ میں پڑھا گیا تھا اس رسالہ کے آخر میں لگا دیا ہے۔ ہمیں آریہ صاحبوں پر یہ افسوس نہیں کہ انہوں نے اسلام اور ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر کیوں اعتراض کئے ۔ کیونکہ منکر کو تہذیب اور شرافت کے ساتھ اعتراض کرنے کا حق حاصل ہے بلکہ ہمارا تمام افسوس اس بات پر ہے کہ انہوں نے شرافت اور تہذیب سے کام نہیں لیا بلکہ اپنے مضمون میں نہایت درندگی اور ناپاکی سے کام لیا۔ اور اپنے مضمون کو ایک گالیوں کا مجموعہ بنا دیا اور کھلے کھلے طور پر ارادہ کیا کہ اُن معزز مسلمانوں کا دل دکھایا جائے جن کو آپ ہی دھوکہ دے کر بلایا اور آپ ہی شرط لگا دی تھی کہ مہذبانہ