سنن ابن ماجہ (جلد اوّل)

Page iv of 504

سنن ابن ماجہ (جلد اوّل) — Page iv

بسم الله الرحمن الرحيم مقدمہ حضرت امام ابن ماجہ کا پورا نام ابو عبد اللہ محمد بن یزید بن عبدالله الربعی القزوینی المعروف بابن ماجہ ہے۔آپ کی کنیت ابو عبد اللہ ہے۔آپ کی پیدائش ایران کے شہر قزوین میں 209 ھ بمطابق 824ء کو ہوئی۔آپ قزوین (ایران) کی وجہ سے قزوینی بھی کہلاتے ہیں۔آپ کی وفات 22 رمضان المبارک 273ھ بمطابق 887ء کو 64 سال کی عمر میں پیر کے دن ہوئی۔ابن ماجہ کے بارے میں مختلف اقوال ہیں۔ایک قول یہ ہے کہ ماجہ آپ کی والدہ محترمہ کا نام تھا۔بعض علماء کے نزدیک "اجہ آپ کے والد گرامی کا لقب تھا۔ابن ماجہ رواۃ حدیث کے انتخاب کے معاملہ میں وسیع المشرب ہیں۔شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ اپنی سنن میں ایسی روایات لانا چاہتے تھے جو دوسری کتب اصول میں نہیں۔ایک رائے کے مطابق سنن ابن ماجہ میں 32 کتب 1510 ابواب اور 4000 روایات شامل ہیں جبکہ محمد فؤاد عبدالباقی کی ترقیم کے مطابق سنن ابن ماجہ 37 کتب 1560 ابواب اور 4341 روایات پر مشتمل ہے اور اس ترجمہ میں اسی ترقیم کو اختیار کیا گیا ہے۔سنن ابن ماجہ کے اردو ترجمہ کے لئے عربی متن نور فاؤنڈیشن نے اس کتاب سے لیا ہے جو دار احیاء التراث العربی مطبوعہ 1421ھ بمطابق 2000ء بیروت لبنان طبع اولی کے نسخہ کے مطابق ہے۔سنن ابن ماجہ ار دوترجمہ میں روایات کی ترقیم محمد فؤاد عبدالباقی کی قائم کردہ ہے اور یہ ترقیم المعجم المفهرس للاحادیث کے مطابق ہے۔ترجمہ کرنا اور خصوصا مذہبی کتب کا ترجمہ کرنا آسان کام نہیں۔کیونکہ مذہبی کتب کے ترجمہ میں جہاں متن سے وفاداری کا خیال رکھنا پڑتا ہے وہاں عربی متن کا ایسا لفظی ترجمہ بھی درست نہیں ہوگا جو اصل مفہوم سے دور لے جائے۔بڑی محنت اور جانفشانی سے ان باتوں کو مد نظر رکھ کر ترجمہ کیا گیا ہے۔