انوارالعلوم (جلد 9) — Page 316
انوار العلوم جلد 8 ۳۱۶ حق الیقین میں فرق رکھتے ہوں پیدا ہو جانی بالکل معمولی ہے۔ دوسری ایجاد مصنف صاحب ہفوات کے دماغ کی یہ ہے کہ حدیث میں تو یہ لفظ ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اس دن ناراض رہتے اور وہ اپنے اعتراض میں لکھتے ہیں کہ کئی کئی دن تک آپ غم و غصہ میں مبتلا رہتے۔ تیسری ایجاد مصنف ہفوات کی یہ ہے کہ حدیث میں تو لفظ غضب کا استعمال ہوا ہے جو اچھے اور برے دونوں معنوں میں استعمال ہوتا ہے حتی کہ اللہ تعالیٰ کی نسبت بھی استعمال ہو جاتا ہے جیسا کہ آتا ہے مَنْ لَّعَنَهُ اللَّهُ وَ غَضِبَ عَلَيْهِ ۳ اور انہوں نے اس لفظ کو بدل کر غم و غصہ کا لفظ استعمال کر دیا ہے تاکہ اعتراض مضبوط ہو جائے۔ کیونکہ غصہ کا لفظ عربی زبان میں بڑے معنوں میں استعمال ہوتا ہے اور اس لفظ کا مفہوم یہ ہے کہ جس شخص کے اندر یہ مادہ جوش میں آوے خود اس کو تکلیف ہو اور اس کا گلا گھٹ جائے۔ اور یہ حالت صرف ان لوگوں کی ہوتی ہے جو جوش سے اندھے ہو جائیں اور ماسوا کو بھول جائیں۔ قرآن کریم میں یہ لفظ انہی معنوں میں استعمال ہوا ہے۔ دوزخیوں کے کھانے کی نسبت آتا ہے وَ طَعَامًا ذَا غُصَّةٍ ہ وہ کھانا ان کو ملے گا جو ان کے گلے کو پکڑلے گا اور نہ باہر نکل سکے گا نہ اندر جا سکے گا۔ لغت میں بھی یہی معنے گئے ہیں کہ غصہ اس حزن کو کہتے ہیں جو انسان کے گلے کو پکڑے ۳۵ یعنی اس کی حالت موت کی سی کر دے جیسے کسی کا گلا بند ہو جائے۔ پس یہ لفظ اللہ تعالیٰ اور اس کے نیک بندوں کی نسبت استعمال نہیں ہو سکتا۔ کیونکہ اس کا مفہوم ان کے اندر نہیں پایا جاتا اور حدیث میں یہ لفظ رسول کریم کی نسبت استعمال نہیں ہوا بلکہ غضب کا ہوا ہے جو اللہ تعالیٰ کی نسبت بھی استعمال ہو جاتا ہے۔ مصنف ہفوات کے دماغ کی چوتھی اختراع یہ ہے کہ وہ اس حدیث سے یہ مطلب نکالتے ہیں کہ چونکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی نسبت لکھا ہے۔ آپ اپنی بیویوں کی بات پر اظہار غضب کرتے تھے اس سے معلوم ہوا کہ آپ کارِ رسالت سے معطل ہو جاتے تھے۔ حالانکہ غضب کرنے اور کار رسالت سے معطل ہونے کا کوئی بھی علاقہ نہیں ہے۔ معلوم ہوتا ہے کہ جس طرح مصنف ہفوات نے محبت کا غلط مفہوم سمجھ کر پہلی حدیث پر اعتراض شروع کر دیا تھا اسی طرح غضب کا غلط مفہوم سمجھ کر دوسری حدیث پر اعتراض شروع کر دیا۔ اگر وہ قرآن کریم پر نظر ڈالتے تو ان کو اس قسم کے اعتراضات کر کے خود شبکی نہ اٹھانی پڑتی اور دشمنانِ اسلام کو خوشی کا موقع نہ ملتا۔