انوارالعلوم (جلد 7) — Page 196
انوار العلوم جلدے 194 تحریک شدھی ملکانا طرح کرے گا تو اپنے آپ کو جھوٹا ثابت کرے گا کہ اسے تیرنا تو آتا نہیں یونہی کہتا تھا کہ بڑا تیراک ہوں۔ ایسے موقع پر اس کا یہ فرض تھا کہ فوراً کود پڑے اور ڈوبنے والے کو بچا کر اس سے اقرار کرائے کہ میں سچا ہوں تو جو کچھ میری نسبت کہتا تھا وہ جھوٹ تھا۔ ایسا ہی اب غیر احمدی ہمارے متعلق کہتے ہیں کہ یہ لوگ کیا کر سکتے ہیں ان کے سب دعوے جھوٹے ہیں۔ ایسا تو ہوا ہے کہ عیسائیوں وغیرہ کے مقابلہ میں ہماری کامیابی کو دیکھ کر بعض جگہ غیر احمدیوں نے ہماری تائید کی ہے مگر ہماری کامیابی کا ایسا نظارہ ان کے سامنے کبھی نہیں آیا کہ جس کو دیکھ کر ان کی عقلیں حیران ہو گئی ہوں اور انہوں نے دیکھا ہو کہ کوئی قوم کی قوم جو ہلاک ہو رہی ہو اس کو بچانے کی ہم نے تجویز کی ہو مگر اب خدا تعالٰی نے ہمارے لئے ایسا موقع مہیا کیا ہے اور اس وقت وہی لوگ کہہ رہے ہیں کہ احمدی کہاں ہیں ؟ کیوں فتنہ ارتداد کو روکنے کے لئے کھڑے نہیں ہوتے۔ کوئی ان سے پوچھے احمدیوں کو تو تم پہلے ہی اسلام سے خارج کر چکے ہو پھر وہ جہاں بھی ہوں ان سے تمہیں کیا مگر ان کا ہمیں بلانا اور اس موقع پر امداد کے لئے شور مچانا بتاتا ہے کہ ان کے دل مانتے ہیں کہ اگر کوئی جماعت خدمت اسلام کر سکتی ہے اور خدا تعالی کی نصرت کسی جماعت کو مل سکتی ہے تو وہ احمدی جماعت ہی ہے۔ پس جب یہ ایسا موقع ہو کہ ہمارا سخت ترین دشمن بھی ہر طرف سے مایوس ہو کر ہماری طرف نگاہیں ڈال رہا ہے اور گھبرا گھبرا کر پوچھ رہا ہے کہ احمدی کہاں ہیں اور وہی احمدی جن کو یہ لوگ مرتدوں اور کافروں سے بھی بد تر کہتے تھے انہیں کو مخاطب کر کے کہتے ہیں کہ وہ کیوں ہماری مدد کے لئے نہیں آتے تو اس موقع کو جانے نہیں دینا چاہئے۔ ایسے زریں موقع کو جانے دینا جو ہماری زندگی میں ہمیں میسر ہوا ہے نہایت ہی افسوسناک بات ہو گی کیونکہ آج ہمارے لئے موقع ہے کہ ہم ان لوگوں پر ثابت کر دیں کہ آج تک تم لوگوں نے ہمارے ساتھ جو سلوک کیا وہ ظالمانہ تھا اور ہمارے خلاف تمہاری جتنی باتیں تھیں وہ سب جھوٹی تھیں اور اب ہم ان سے قومی طور پر اقرار کر اسکتے ہیں کہ ہمارے مقابلہ میں تم لوگ ناراستی پر تھے ۔ کہتے ہیں زندگی میں ہر انسان کو ایک خاص موقع ملا کرتا ہے اور اگر ہم اس کو سمجھیں تو ہمارے لئے یہ ایسا ہی موقع ہے ۔ نہ اس لئے کہ ایک قوم تباہ ہونے لگی ہے جسے نہیں ہونا چاہئے بلکہ اس لئے کہ اس قوم کو تباہ ہونے سے مسیح موعود کی جماعت ہی بچا سکتی ہے۔ پس خوب اچھی طرح سن لو کہ ایسے موقعے بار بار نہیں ملا کرتے۔ ممکن ہے پھر بھی کبھی ایسا موقع آجائے مگر اس کا آنا ایسا ہی مشکل ہے جیسے ایک نبی کو ماننے سے محروم رہنے والوں کے لئے