انوارالعلوم (جلد  12)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page xxxiv of 656

انوارالعلوم (جلد  12) — Page xxxiv

انوار العلوم جلد ۱۲ ۲۵ تعارف کتب (۲۰) بعض ضروری امور جلسہ سالانہ کے دوسرے دن ۲۷ دسمبر ۱۹۳۱ء کو حضرت خلیفة المسیح الثانی نے حسب معمول متفرق امور کے بارہ میں تقریر فرمائی ۔ آپ نے احباب جماعت کو دورانِ سال میں ہونے والے اہم واقعات اور کاموں کے بارہ میں بتایا نیز انہیں بعض فرائض کی طرف توجہ دلائی ۔ آپ نے فرمایا کہ تبلیغ کے سلسلہ میں اشتہارات بڑا مؤثر ذریعہ ہیں ۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے بھی اپنے زمانہ میں چھوٹے اشتہاروں پر بہت زور دیا تھا کیونکہ عام لوگ انہیں بآسانی پڑھ لیتے ہیں ۔ اس لئے دوستوں کو سستی ترک کر کے اشتہاروں کے پھیلانے کی کوشش کرنی چاہئے ۔ اس سلسلہ کو جاری رکھنا بہت مفید ہے ۔ حضور نے اپنی تحریک چندہ خاص کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ گزشتہ دو تین سال سے ملک کی مالی حالت خراب ہو رہی ہے۔ اس کا اثر ہمارے بجٹ پر بھی پڑا اس لئے میں نے چندہ خاص کا مطالبہ کیا۔ حالات بہت مشکل تھے لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل سے احباب جماعت نے غیر معمولی قربانیاں پیش کیں اور ایک بڑی رقم جمع کر دی۔ اس سے قرض ادا ہوئے اور سلسلہ کی مالی مشکلات بڑی حد تک دور ہوئیں ۔ حضور نے سلسلہ کے کارکنوں کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ بجٹ اس طور پر تیار کریں کہ آئندہ قرض کی ضرورت نہ پڑے اپنے وسائل کے اندر رہنا چاہئے ۔ ملک میں مردم شماری کا ذکر کرتے ہوئے حضور نے فرمایا کہ یہ بھی اس سال کا ایک اہم واقعہ ہے ۔ لوگ چونکہ ہمارے مخالف ہیں اس لئے انہوں نے ہماری تعداد کو کم کرنے کی کوشش کی ہے۔ پنجاب میں ہماری تعداد چھپن ہزار قرار دی گئی ہے جو ہمارے نزدیک تو مایوس کن ہے لیکن گورنمنٹ کی نظر میں عظیم الشان ہے کیونکہ ۱۹۲۱ء کی مردم شماری میں احمدیوں کی تعداد اٹھائیں ہزار قرار دی گئی تھی گویا دس سال میں تعدا دگنی ہو گئی جو گورنمنٹ کے نزدیک غیر معمولی ترقی ہے۔ حضور نے جماعت کو تبلیغ کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ دوست آئندہ دس سال میں اس زور سے تبلیغ کریں کہ آئندہ مردم شماری میں جماعتہ جماعت کی تعداد کئی لاکھ تک پہنچ جائے ۔