خطبات مسرور (جلد 17۔ 2019ء) — Page 349
349 خطبات مسرور جلد 17 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 05 جولائی 2019 بیعت میں آکر ہماری روحانی اور اخلاقی حالتوں میں ایک انقلابی تبدیلی ہوئی ہے۔اسی طرح عہدیداران ہیں اور جلسہ کی ڈیوٹی دینے والے ہیں وہ ان دنوں میں خاص خیال رکھیں کہ ان کے اخلاق کے معیار بہت بلند ہونے چاہئیں۔جن کی عام دنوں میں کسی سے کوئی رنجش تھی بھی تو ان کارکنوں کو جلسہ کے ماحول میں اسے صلح اور صفائی میں بدلنے کے لیے پہل کرنی چاہیے۔نہ یہ کہ بدلے لینے کی صورت پیدا کریں۔جلسے پر آنے والا ہر شخص مہمان ہے اور ہر عہدیدار اور ہر کار کن کا کام ہے کہ ہر قسم کی ذاتی رنجشوں کو دور کر کے اعلیٰ ظرفی اور مہمان نوازی کا مظاہرہ کریں۔عہدیداروں کی یہ خاص ذمہ داری ہے کہ ان میں برداشت کا مادہ زیادہ ہونا چاہیے۔پس عہدیدار اپنے آپ کو ہر حال میں خادم سمجھیں اور افراد جماعت اور جلسے میں شامل ہونے والے عہدیداروں کو نظام جماعت کا نمائندہ سمجھیں تو تبھی کھچاؤ اور لڑائیوں کے ماحول میں بہتری آسکتی ہے، آپس کی رنجشیں دور ہو سکتی ہیں۔مجھے یہ بھی افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ یہاں بعض جماعتوں کے عہدیداروں نے اپنے عہدوں کا خیال نہیں رکھا۔جلسے کے ماحول کی بات نہیں کر رہا۔عام حالات میں بھی اپنی جماعتوں کی جماعتی ذمہ داریوں میں اور خدمت دین کو اللہ تعالیٰ کے فضل کی بجائے دنیاوی عہدے کی طرح سمجھا ہے جس کی وجہ سے انہیں تبدیل بھی کرنا پڑا ہے۔پس ایسے لوگ اگر یہاں جلسے پر آئے ہیں تو عبادت، ذکر الہی اور عاجزی میں بڑھنے کی کوشش کریں۔اگر ان کے خیال میں ان کے بارے میں غلط فیصلے بھی ہوئے ہیں تب بھی عاجزانہ راہیں اختیار کریں اور عاجزانہ راہیں اختیار کر کے اللہ تعالیٰ کے آگے جھکیں اور نظام جماعت کے بارے میں دلوں میں رنجشیں نہ لائیں۔اگر غلط فیصلے ہیں تو اللہ تعالیٰ تو ہر چیز کا علم رکھنے والا ہے۔وہ جانتا ہے، غیب کا بھی علم رکھتا ہے ، حاضر کا بھی علم رکھتا ہے۔اس کے آگے اگر عاجز ہو کر جھکا جائے تو وہ دعاؤں کو قبول کرتا ہے اور مشکلات سے نکالتا ہے۔ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ اصل چیز عہدہ نہیں بلکہ اصل چیز اپنے بیعت کے حق کو ادا کرنا ہے۔چاہے وہ عہدے دار ہے یا فردِ جماعت ہے اسے اس حق کی ادائیگی کی کوشش کرنی چاہیے اور اس حق کی ادائیگی کے بارے میں نصیحت کرتے ہوئے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام فرماتے ہیں کہ " اے میری جماعت خدا تعالیٰ آپ لوگوں کے ساتھ ہو ، وہ قادر کریم آپ لوگوں کو سفر آخرت کے لیے ایسا طیار کرے جیسا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب طیار کیے گئے تھے۔خوب یادرکھو کہ دنیا کچھ چیز نہیں ہے۔لعنتی ہے وہ زندگی جو محض دنیا کے لیے ہے اور بد قسمت ہے وہ جس کا تمام ہم و غم دنیا کے لیے ہے۔ایسا انسان اگر میری جماعت میں ہے تو وہ عبث طور پر میری جماعت میں اپنے تئیں داخل کرتا ہے کیونکہ وہ اس خشک ٹہنی کی طرح ہے جو پھل نہیں لائے گی۔" فرمایا " اے سعادت مند لو گو تم زور کے ساتھ اس تعلیم میں داخل ہو جو تمہاری نجات کے لیے مجھے دی گئی ہے۔تم خدا کو واحد لا شریک سمجھو اور اس کے ساتھ کسی چیز کو شریک مت کرو، نہ آسمان میں سے ، نہ زمین میں سے۔خدا اسباب کے استعمال سے تمہیں منع نہیں کرتا۔لیکن جو شخص خدا کو چھوڑ کر اسباب پر ہی بھروسا کرتا ہے وہ مشرک ہے۔قدیم سے خدا کہتا چلا آیا ہے کہ پاک دل بننے کے سوا نجات نہیں۔سو تم پاک دل بن جاؤ اور نفسانی کینوں