زندہ درخت — Page 212
زنده درخت ہی بہتر ہے۔ہوسکتا ہے کسی وقت جیب ہی خالی ہو۔ڈاکخانہ جانا ہی محال ہو۔طبیعت ہی گری ہو۔آپ کا تصور ہی پریشان کر رہا ہو۔فرصت نہ ہو۔یا کوئی دوسرا اہم کام آ پڑا ہو۔دوسرے اب ہم کو آپ سے کیا نسبت؟ اگر مولا کو منظور ہوا تو ملاقات نصیب ہو جائے گی۔جس کے بھروسے سے یہ قربانی کی ہے اُسی سے راہ وربط رکھیں گے۔اُم سلام آپ پر سلام ، ہزا ر سلام۔آپ نے میری غمگساری کی۔میری دینی و دنیاوی حالت کو چار چاند لگا دیئے۔مجھے آپ سے ہمیشہ راحت و آرام ملا۔آپ نے مجھے ہر لغزش کے وقت تھام لیا۔تیمارداری کی تو جان پر کھیل گئیں میرے لواحقین اور دوستوں سے جو حسنِ سلوک کیا تا زیست نہ بھولے گا آپ کے لطف وکرم اور پاک دامنی کی چادر نے میری پردہ پوشی کی۔کیا فائدہ اب ایسی باتوں سے کچھ آپ پریشان ہوں گی کچھ میں آنسوؤں سے لاچار ہوں گا۔میرا قرض اُتر گیا ہے۔عزیز عبدالباسط کی فرمائش پر عمدة الاحکام خرید کر رات ہی رات جلد کر کے ارسال کر دی ہے۔ایک دن چار آنے کی کنڈیاں لیں۔ڈھاب پر گیا ایک درویش کو دعوت بھی دیتا گیا۔چار مچھلیاں پکڑیں کھانے میں آپ کے ماں جائے احمد دین کو بھی شامل کر لیا۔ایک کھدر کی قمیض چھ آنے سلائی دے کر سلوائی ہے ایک ملیشیا سفید ٹاٹا کا جو مضبوط اور موٹا ہوتا ہے سلنے کو دے رکھا ہے۔سردی لگتی تھی۔کافی سردی ہے۔آج صبح دم دار ستارا نکلا تھا حضرت صاحبزادہ مرزا بشیر احمد کی خدمت میں میرا سلام اور درخواست دعا پہنچادیں۔212