زرّیں ہدایات (جلد دوم برائے مبلغین۔1931ء تا 1956ء)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 266 of 396

زرّیں ہدایات (جلد دوم برائے مبلغین۔1931ء تا 1956ء) — Page 266

زریں ہدایات (برائے مبلغین ) 266 جلد دوم افریقہ کی سرزمین کا اسلام کی ترقی کے ساتھ نہایت گہرا تعلق ہے۔ہمارا فرض ہے کہ وہاں پر جلد سے جلد خدائے واحد کے نام کو بلند کرنے کی کوشش کریں 18 فروری 1945ء کو مکرم مولوی نذیر احمد صاحب مبلغ سیرالیون کے اعزاز میں ایک دعوت چائے اساتذہ وطلباء جامعہ احمدیہ کی طرف سے دی گئی جس میں حضرت خلیفہ المسیح الثانی نے بھی شمولیت کی۔اس موقع پر آپ نے تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حسب ذیل خطاب فرمایا :۔یہ زمانہ جس میں ہم دنیا کی اصلاح کے لئے کھڑے ہوئے ہیں تہذیب اور تمدن کا زمانہ ہے۔دنیا کے ایک بہت بڑے حصہ کے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ہم ترقی کے اعلیٰ معیار پر پہنچے ہوئے ہیں لیکن ان کے مقابلہ میں ہماری حالت یہ ہے کہ ہم دنیاوی ساز وسامان کے لحاظ سے بہت پیچھے ہیں۔ایسی صورت میں مہذب علاقوں میں تبلیغ اسلام کی مثال بالکل ایسی ہی ہے جیسے ایک سخت چٹان کو کاٹ کر ریتی سے اس کا ذرا سا ٹکڑا علیحدہ کرنا۔لیکن اللہ تعالیٰ نے ہمارے حوصلوں کو بڑھانے کے لئے کیونکہ اعداد و شمار کی زیادتی سے بھی عزت حاصل ہوتی ہے بعض ایسے علاقے رکھ دیئے ہیں کہ اگر ہم ان میں اسلام کی تبلیغ کریں تو اتنی بڑی تعداد میں وہاں کے لوگ اسلام میں داخل ہو سکتے ہیں کہ متمدن علاقوں میں لاکھوں مبلغ ہزاروں سال میں بھی اتنی کامیابی حاصل نہیں کر سکتے۔