زرّیں ہدایات (جلد اوّل برائے مبلغین۔1915ء تا 1930ء) — Page 317
زریں ہدایات (برائے مبلغین ) 317 جلد اول کہ حضرت مولوی صاحب نے گھبرا کر کچھ کا کچھ حوالہ پیش کر دیا۔اس پر مجمع میں شور پڑ گیا اور لوگ اٹھ کر چلے گئے۔تو ایسی حرکات بھی مولوی کر لیا کرتے ہیں اور اکیلے آدمی کے لئے ایسے وقت میں بہت مشکل پیش آتی ہے۔دیکھو حضرت موسیٰ علیہ السلام نے بھی کہا تھا الہی ! کوئی ایسا آدمی دے جو میری تصدیق تو کرے۔اسی لئے حضرت ہارون کو ان کے ساتھ کیا گیا۔مولوی رحمت علی صاحب وہاں اکیلے ہیں اور مولوی کئی سو جمع ہوں گے اس لئے مولوی صاحب کی کامیابی کے لئے خاص طور پر دعا کرنی چاہئے۔وہ علاقہ ایسا ہے جہاں احمدیت کی ترقی کے لئے بہت کچھ گنجائش ہے۔چار کروڑ مسلمان ہیں جو اس بات کے لئے تڑپ رکھتے ہیں کہ صداقت معلوم کریں۔یہی وجہ ہے کہ وہاں بہت جلد ترقی ہوئی ہے اور کئی ایسے لوگ داخل سلسلہ ہوئے ہیں جو سلسلہ کی مالی مدد بھی کرنے والے ہیں۔ان دونوں باتوں کے لئے احباب دعا کریں۔ایک یہ کہ خدا تعالٰی مولوی جلال الدین صاحب کو شفا دے اور آئندہ محفوظ رکھے۔دوسرے مولوی رحمت علی صاحب سے جو مباحثہ ہونے والا ہے اس میں خدا غلبہ عطا کرے۔“ اس کے بعد حضور مسجد کے محراب میں قبلہ رو ہو کر بیٹھ گئے اور تمام مجمع قبلہ رو ہو گیا اور دعا کی گئی جو پندرہ منٹ تک جاری رہی۔خدا تعالیٰ قبول فرمائے اور ہمارے مبلغین کو اپنے حفظ وامان میں رکھے۔آمین۔“ (الفضل 3 جنوری 1928ء)