زرّیں ہدایات (جلد اوّل برائے مبلغین۔1915ء تا 1930ء) — Page 233
زریں ہدایات (برائے مبلغین ) 233 جلد اول تیرے منشاء کے خلاف نہ ہو بلکہ ان کا عمل اور ان کا خیال اور ان کا قول تیرے ارادے اور تیرے حکم کے مطابق ہو۔وہ اسلام کو سمجھیں اور اس کے مطابق عمل کریں اور اس کے مطابق لوگوں کو تعلیم دیں اور لوگوں کے خوف سے اسلام کے کسی حکم کو نہ چھپائیں۔نہ اس کے کسی حکم کی شکل کو بدلیں۔لیکن یہ بھی نہ ہو کہ وہ لوگوں کے لئے ٹھوکر کا موجب ہوں اور ان کو ایسی سختی میں ڈالیں جو ان کی برداشت سے بڑھ کر ہو اور بے ضرورت ہو اور تیری خوبصورت ہدایات کو جو انسانی دلچسپی کو اپنی طرف کھینچ لینے والی ہیں ایسی صورت میں پیش کریں کہ وہ لوگوں کو بری نظر آدیں اور ان کے دلوں میں داخل نہ ہوں بلکہ نفرت پیدا کریں۔اے خدا! تو ان کو ایسے مخلصین کی جماعت عطا فرما جوان کے کاموں میں ان کی مددگار ہو اور ان کا ہاتھ بٹانے والی ہو اور دین کے لئے ہر قسم کی قربانیوں کے لئے مستعد ہو اور تیرے احکام کی تعمیل اور ان کی اشاعت میں دلی خوشی محسوس کرتی ہو۔اور تو اس جماعت کو اسلام کی اشاعت کے کام میں ہمارے مبلغوں کے لئے دایاں بازو بنا۔اور ان کی کوششوں میں برکت دے اور ان کے حق میں بھی وہ دعائیں سن جو میں نے مبلغوں کے حق میں کی ہیں۔اے خدا! تو اس مسجد کو جس کا سنگ بنیاد میں نے لندن میں رکھا ہے با برکت کر اور اس کو جلد مکمل کرنے کی ہمیں توفیق عطا فرما اور اس کی عمارت کے اپنے فضل سے سامان پیدا کر۔وہ اعلیٰ درجہ کی برکات کی جگہ ہو اور لوگوں کو اس سے سچی نیکی اور سچی طمانیت حاصل ہو جس میں کوئی شائبہ بدی یا بے اطمینانی کا نہ ہو۔اے میرے رب ! ہمارے مبلغوں کے متعلق لوگوں کے دل میں محبت اور اخلاص پیدا کر۔اور ان سے تعاون کی خواہش پیدا کر اور ہمارے مبلغوں کے دلوں میں ان لوگوں کے متعلق جن میں وہ کام کرتے ہیں محبت پیدا کر اور اخلاص پیدا کر۔ان کو ہر قسم کے الزامات سے پاک رکھ اور ان کی عزت کو محفوظ رکھ۔