زرّیں ہدایات (جلد اوّل برائے مبلغین۔1915ء تا 1930ء) — Page 172
زریں ہدایات ( برائے مبلغین ) 172 جلد اول مجاہدین علاقہ ارتداد سے خطاب 10 جولائی 1923ء کو علاقہ ارتداد کے لئے روانہ ہونے والے وفد کے اراکین کو حضرت خلیفتہ المسیح الثانی نے شرف ملاقات بخشا اور تشہد ،تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حسب ذیل نصائح فرمائیں۔پچھلا طریق یہی رہا ہے کہ جو دوست ملکانہ کے علاقہ میں تبلیغ کے لئے جاتے رہے ہیں ان کو گاؤں سے باہر جا کر وداع کیا جاتا رہا ہے۔آج بھی یہی ارادہ تھا لیکن ظہر کی نماز کے بعد مجھے بخار کی تکلیف ہو گئی گو کونین کھانے سے اس وقت کچھ افاقہ ہے کیونکہ مجھے بہت تیز بخار ہوا کرتا ہے اور اب اتنی تیزی نہیں ہے لیکن احتیاطاً یہی مناسب سمجھا گیا کہ اس مسجد میں ہی دعا کر کے جانے والوں کو رخصت کر دیا جائے۔اس میں شبہ نہیں سنت طریق یہی ہے کہ باہر جا کر رخصت کیا جائے۔مجھے رسول کریم کے متعلق تو اس وقت کوئی ایسا واقعہ یاد نہیں کہ رخصت کرنے کے لئے آپ باہر تشریف لے گئے ہوں مگر خلفاء کے متعلق یاد ہے کہ وداع کرنے کے لئے باہر جاتے تھے اور کوئی عجب نہیں کہ رسول کریم ﷺ کا بھی کوئی واقعہ معلوم ہو جائے۔یہ ایک ضروری اور با برکت امر ہے۔مگر میں سمجھتا ہوں آج باہر نہ جانے سے جو کمی ہوگی وہ اس مسجد کی برکت سے پوری ہو جائے گی کیونکہ حضرت مسیح موعود کا اس مسجد کے متعلق الہام ہے کہ جو کام اس میں کیا جائے گا وہ بابرکت ہو گا۔1 اس لئے باہر جا کر رخصت کرنا جو صحابہ اور خلفاء کی سنت ہے اس پر آج عمل نہ کرنے سے جو کسر رہ جائے گی وہ اس مسجد میں وداع کرنے کی برکت سے دور ہو جائے گی۔