زرّیں ہدایات (جلد اوّل برائے مبلغین۔1915ء تا 1930ء)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 101 of 467

زرّیں ہدایات (جلد اوّل برائے مبلغین۔1915ء تا 1930ء) — Page 101

زریں ہدایات ( برائے مبلغین ) 101 جلد اول تحریری ہدایات برائے حضرت حکیم فضل الرحمان صاحب مبلغ نائیجیریا 23 جنوری 1922ء کو بعد از نماز فجر بیت مبارک قادیان میں حضرت خلیفہ المسیح الثانی نے جو ہدایات رقم فرما کر نائیجیر یا جانے والے مبلغ حضرت حکیم فضل الرحمان صاحب کو دیں وہ درج ذیل ہیں :۔عزیز من! اللہ تعالیٰ آپ کا حافظ ہو، ناصر ہو ، مددگار ہو، ہادی ہو، رہنما ہو۔اس کے فضل کا سایہ آپ پر رہے اور اس کی آنکھوں کے سامنے ترقی کرو۔یاد رکھو! خدا ایک ہے۔اپنی ذات کے لحاظ سے، اپنی صفات کے لحاظ سے، اپنے کاموں کے لحاظ سے، اس کا کوئی شریک نہیں۔سب کچھ جو کچھ اس کے سوا ہے اس کی مخلوق ہے۔خواہ بڑا ہو خواہ چھوٹا۔وہ سب خوبیوں کا منبع ہے۔سب فضلوں کا سرچشمہ ہے۔اس کے سوا کوئی راحت نہیں اور چین نہیں۔اس کے ملے بغیر دنیا کا سب آرام اور سب راحت محض دھوکا ہے۔اور جہنم سے کم نہیں۔اس کے پائے کے بغیر کوئی کامیابی نہیں۔جو اس سے جدا رہا وہ ساری دنیا میں رہ کر بھی اکیلا رہا اور جو اس سے ملا وہ سب سے جدا رہ کر بھی پھر اکیلا نہیں بلکہ اپنے دوستوں میں رہتا ہے۔کیونکہ خدا تعالیٰ اس کا محافظ ہوتا ہے اور اس کی نگہبانی کرتا ہے اور اس کا ساتھ دیتا ہے اور اسے تسلی دیتا ہے اور اس سے محبت کرتا ہے۔اور جب اس کا دل جدائی کا صدمہ محسوس کرتا ہے وہ اس کے پاس آتا اور اس کی جدائی کے صدمہ کو دور کرتا ہے اور اس کے دل میں آکر رہتا ہے اور جنگل میں اس کے لئے منگل بنا دیتا ہے۔پس اگر راحت حاصل کرنا چاہتے ہو تو اس سے ملو، اس سے محبت کرو، اس پر تو کل رکھو۔