تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ہفتم۔ 1985 تا 1987)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 713 of 935

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ہفتم۔ 1985 تا 1987) — Page 713

تحریک جدید - ایک الہی تحریک اقتباس از خطبه جمعه فرموده 14 اگست 1987ء اسی طرح مخالفت سے قطع نظر جماعت کے کام جو نئے نئے ابھر رہے ہیں، نئے نئے منصوبے ہمارے سامنے آرہے ہیں ، نئی نئی ترقی کی راہیں اللہ تعالیٰ کھول رہا ہے، نئے محنت کے میدان ہمارے سامنے ظاہر ہورہے ہیں، اس کے لئے مثبت پہلو سے بھی دیکھیں تو ہمیں بہت زیادہ خدمت دین کرنے والوں کی ضرورت ہے۔تو ذمہ داریاں اتنی زیادہ ہیں کہ یہ چند آدمی جو خود بخود اخلاص کے ساتھ پیدا ہو جاتے ہیں، جن کا خدا تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ ہر حالت میں انہوں نے خدمت دین کرنی ہی کرنی ہے، کوئی حالات کی تبدیلی انہیں باز نہیں رکھ سکتی، وہ ہمیشہ صف اول میں رہیں گے ، جان مال کی قربانی میں ہمیشہ پیش پیش رہیں گے۔ان پر بنا کرتے ہوئے ، ان پر راضی رہتے ہوئے ، جو امراء اور پریذیڈنٹ صاحبان یہ خیال کرتے ہیں کہ مستقبل کی ذمہ داریوں کو ادا کر سکیں گے، وہ غلطی میں ہیں۔ایسے لوگوں کی مثال زمینداروں کی صورت میں اس طرح دی جا سکتی ہے کہ بعض زمیندار ایسے ہوتے ہیں، جن کو زمین کا جو اچھا ٹکڑا مل جائے ، اسی پر فصل لگاتے رہتے ہیں اور جو نسبتا کمزور ٹکڑے ہیں، ان کی بحالی کی کوشش نہیں کرتے یا محنت برداشت نہیں کر سکتے۔نتیجہ دو طرح کے نقصان پہنچتے ہیں ان کو۔اول یہ کہ جوزمین بحال ہو سکتی تھی، بحال نہ ہونے کے نتیجے میں بد سے بدتر ہوتی چلی جاتی ہے۔اور پھر یہ خطرہ پیدا ہو جاتا ہے کہ وہ ایسی حالت میں پہنچ جائے کہ پھر اس کی واپسی ممکن نہ ہو۔چنانچہ ایسی زمینیں پھر ہاتھ سے نکل جاتی ہیں اور کلر تھور کا شکار ہو جاتی ہیں۔ان کو واپس لانے کے لئے غیر معمولی محنت کرنی پڑتی ہے۔کچھ زمیندار ایسے ہیں، جو ان پر بھی محنت کرتے ہیں اور ان سے بھی غافل نہیں رہتے۔ان کو بھی کھینچ کر واپس لانے کی کوشش کرتے ہیں۔اور ایسے جو دو قسم کے زمیندار ہیں، ان کے حالات میں زمین آسمان کا فرق پڑ جاتا ہے۔مجھے لمبا تجربہ ہے زمینداری کا۔خود اپنے بھی اور بھائیوں کی مشترکہ زمین پر بھی میں نے کام کیا ہے۔اس لئے میں جانتا ہوں کہ جہاں ایسا مینیجر ہو، جو محض دکھاوے کے لئے اپنی اوسط (Average) کو بڑھانا چاہتا ہے، وہ بالعموم اچھی زمینیں اپنے لئے چن لیتا ہے اور انہیں پر کام کرتا ہے۔اور وہ کہتا ہے کہ دیکھیں میرے فی ایکڑ اوسط کا معیار دوسرے سے بہتر ہے۔اس کے مقابل پر ایک دوسرا مینیجر ہوتا ہے، جو دیانت داری اور اخلاص کے ساتھ زمیندارے سے محبت کرتے ہوئے، زمیندارے کے اصولوں کو سمجھ کر کام کرتا ہے۔اس کی کیفیت یہ ہے کہ شروع میں بعض دفعہ اس کی اوسط کم دکھائی دیتی ہے اور بعض دفعہ کئی سال تک اس کے 713