تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ششم۔ 1982 تا 1984)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 769 of 1012

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ششم۔ 1982 تا 1984) — Page 769

تحریک جدید - ایک الہی تحریک پیغام بر موقع جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ کینیا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک فوج کے دو محاذ پیغام بر موقع جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ کینیا منعقدہ 16 تا 18 دسمبر 1983ء بسم الله الرحمان الرحيم نحمده ونصلى على رسوله الكريم خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ میرے عزیز بھائیو اور بہنو! هو الناصر السلام عليكم ورحمة الله وبركاته مجھے یہ معلوم کر کے بہت خوشی ہوئی کہ جماعت ہائے احمدیہ کیفیا مورخہ 16,17 اور 18 دسمبر 1983ء کو اپنا نواں سالانہ جلسہ Shibinga میں منعقد کر رہی ہے۔اللہ تعالیٰ اس جلسہ کو بہت بابرکت کرے اور آپ سب کو، جو اس جلسہ میں شامل ہورہے ہیں ، اپنے فضلوں سے نوازے۔آمین اس موقع پر میں آپ سب کو، جو اس جلسہ میں شرکت کے لئے جمع ہورہے ہیں ، مبارک باد دیتا ہوں کہ آپ نے محض اللہ کی رضا کی خاطر یہ سفر اختیار کیا۔آج دنیا میں بہت کم ہیں، جو محض اللہ کی خاطر سفر اختیار کرتے ہیں۔پس آپ کا یہ سفر مبارک ہے۔میری دعا ہے کہ اللہ اسے قبول فرمائے اور اس کی برکت سے اپنی جانب سفر کرنے کی توفیق بخشے۔اللہ کی جانب سفر یہ ہے کہ ہر اس چیز کو ترک کرتے ہوئے ، جو خدا سے دور لے جاتی ہے، ہر اس چیز کو اختیار کیا جائے، جو خدا کے قریب لے جاتی ہے۔اور خدا کے پیار کی نگاہیں حاصل کرنے کا موجب بنتی ہے۔خدا کرے، ہر آن آپ کا قدم اپنے رب کی طرف بڑھتا رہے۔اس موقع پر میں آپ کو اور آپ کے توسط سے تمام احباب جماعت ہائے کینیا کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں۔آپ سب، جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر ایمان لائے اور سلسلہ عالیہ احمدیہ میں داخل ہوئے ہیں، دراصل حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی اس مبارک فوج کے سپاہی بن چکے ہیں، جو اس زمانہ میں اسلام کو تمام دوسرے ادیان پر غالب کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ نے قائم فرمائی ہے۔اور جس کے سالار لشکر حضرت امام مہدی علیہ السلام ہیں۔769