تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ششم۔ 1982 تا 1984)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 712 of 1012

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ششم۔ 1982 تا 1984) — Page 712

خطبہ جمعہ فرمودہ 28اکتوبر 1983ء تحریک جدید -- ایک الہی تحریک گنجائش موجود ہے۔اس وقت ان کا چندہ گیارہ لاکھ تھا۔چنانچہ مجھے یہ اندازہ تھا کہ اگر جماعت کوشش کرے تو چار گنا بلکہ پانچ گنا بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔یعنی خدا توفیق دے تو 44 لاکھ سے 50 لاکھ تک بلکہ اس سے بھی بڑھ سکتا ہے۔چنانچہ اللہ تعالیٰ نے اس سلسلہ میں حیرت انگیز فضل فرمایا اور اس ایک سال کے اندر اندر باہر کی جماعتوں کا چندہ گیارہ لاکھ سے بڑھ کر 53,60,000 روپے ہو چکا ہے۔حیرت ہوتی ہے کہ کس طرح اللہ تعالی از خود فرشتوں کے ذریعہ دلوں میں تحریک فرما رہا ہے۔چنانچہ اتنے حیرت انگیز اضافے ہوئے ہیں اور ایسی ایسی جگہوں سے چندہ آیا ہے، جہاں سے انسان سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ مزید گنجائش ہوگی۔باہر بعض ایسی جماعتیں ہیں، جو بڑی مستعد ہیں۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے وہ پہلے اپنی توفیق کے مطابق چندے دے رہی تھیں۔پھر آمدنیوں کی نسبت مہنگائی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔یعنی صرف پاکستان میں مہنگائی نہیں ہے، ساری دنیا مالی لحاظ سے بحران کا شکار ہے اور دنیا کا جینا دوبھر ہورہا ہے۔خصوصا وہ لوگ جو محنت مزور دی کر سکے گزارہ کرتے ہیں، ان کو مکانوں کے بہت زیادہ کرائے دینا پڑتے ہیں۔پھر خوراک مہنگی ہوگئی ، لباس مہنگے ہو گئے۔غرضیکہ باہر کی دنیا بڑی مشکل سے گزارے کر رہی ہے۔اس کے باوجود غیر معمولی اضافے ، یہ حیرت انگیز بات ہے۔اور صرف وعدوں میں ہی اضافہ نہیں ہوا بلکہ اس کے ساتھ وصولی میں بھی امسال اسی شان سے غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔چنانچہ اب تک 40,59,480 روپے وصول ہو چکے ہیں۔جو گزشتہ سال کی وصولی کی نسبت سے بھی زیادہ ہیں اور کئی گنا اسی نسبت سے زیادہ ہیں، جس سے وعدے زیادہ ہوئے ہیں۔پس ہم امید رکھتے ہیں کہ انشاء اللہ تعالیٰ یہ بقیہ وصولی بھی بہت جلد ہو جائے گی۔کیونکہ یہ جماعتیں ساری دنیا میں پھیلی پڑی ہیں، اس لئے وہاں سے بر وقت اطلاع آنا زیادہ مشکل کام ہے۔وکیل المال صاحب نے مجھے بتایا ہے کہ ایسے بہت سے ملک ہیں، جن کی وصولی اس میں شامل نہیں ہوسکی۔بعض جماعتوں کی اطلاع جولائی کی ہے، بعض کی اس سے بھی پہلے کی ہے۔غرضیکہ ہرگز بعید نہیں کہ آج تک ان کی وصولی 53,00,000 کے لگ بھگ ہو چکی ہو۔اور اس کی اطلاع آتے آتے شاید ایک مہینہ اور لگ جائے۔بہر حال مجھے یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے ان کو وعدوں کے پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے گا۔اور یہ بعید نہیں کہ وصولی وعدوں سے بھی آگے بڑھ جائے۔جہاں تک وصولی میں غیر معمولی اضافوں کا تعلق ہے، جیسا کہ میں نے بیان کیا تھا، بعض جماعتیں مستعد ہونے کے باوجود اس معاملہ میں بہت تیزی سے آگے بڑھی ہیں۔712