تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد پنجم ۔ 1974ء تا 1982ء) — Page 513
تحریک جدید- ایک البی تحریک۔۔۔جلد پنجم خطبہ جمعہ فرمودہ 20اکتوبر 1978ء تحریک جدید کے اجراء کے بعد دنیا میں بڑی عظیم تبدیلیاں پیدا ہوئیں خطبہ جمعہ فرمودہ 20 اکتوبر 1978ء سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے فرمایا:۔ہر سال یکم نومبر سے تحریک جدید کا نیا سال شروع ہوتا ہے ( وعدہ کے لحاظ سے ) اور 30 اپریل کو ختم ہوتا ہے ( ادائیگیوں کے لحاظ سے )۔چونکہ یکم نومبر سے پہلے میں عام طور پر نئے سال کا اعلان کر دیا کرتا ہوں، اس لئے یہ جمعہ میں نے تحریک جدید کے نئے سال کے اعلان کے لئے منتخب کیا ہے، جو یکم نومبر سے شروع ہوگا۔پس آج میں تحریک جدید کے صف اول کے 45 ویں، صف دوم کے 35 ویں اور صف سوم کے 14 ویں سال کا اعلان کرتا ہوں۔تحریک جدید کی ابتداء 1934ء میں ہوئی تھی۔اس پر 44 سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔یہ بات بڑی اہم ہے اور بڑی نمایاں ہو کر ہمارے سامنے آتی ہے کہ اس سارے عرصہ میں جماعت ہائے احمد یہ مرکزیہ کو اللہ تعالیٰ نے یہ توفیق عطا کی کہ ساری دنیا میں تبلیغ اسلام کی مہم کو چلانے کے لئے وہ مالی قربانی دیں۔چنانچہ احباب نے اپنی ہر سال بڑھتی ہوئی طاقت کے مطابق خدا کے حضور عاجزانہ رنگ میں قربانی پیش کی۔حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے 23 نومبر 1934ء کو جمعہ کے روز تحریک جدید کا اجراء کیا تھا اور اس وقت 27 ہزار روپے کی ضرورت کا اعلان کیا تھا۔آپ نے بیرونی ممالک میں تبلیغ اسلام کے کام کو وسیع کرنے کے لئے چندے کی تحریک کی اور اس کا نام تحریک جدید انجمن احمد یہ رکھا۔چنانچہ بیرونی ممالک میں اسلام کی تبلیغ کے کام میں وسعت پیدا کرنے کے لئے 1934ء کی ضرورت کے مطابق آپ نے رقم کا جواندازہ لگایا، وہ کم و بیش 27 ہزار روپے کا تھا۔اور جماعت نے آپ کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ، اس غرض کے لیے جو چندہ اکٹھا کیا ، وہ کم و بیش ایک لاکھ روپے تھا۔اس سے تحریک جدید کی ابتداء ہوئی۔لیکن جیسا کہ میں نے ابھی اشارہ کیا ہے، ایک چیز بڑی نمایاں ہو کر سامنے آتی ہے۔جب میرے ذہن میں یہ خیال آیا اور یہ حقیقت میری آنکھوں کے سامنے آئی تو میر ادول خدا کی حمد سے بھر گیا کہ اس سارے عرصہ میں جب تک بیرونی جماعتیں بحیثیت مجموعی اپنے پاؤں پر کھڑی ہو جانے کے قابل نہ ہوئیں۔تحریک جدید کے منصوبہ کا بوجھ جماعت ہائے احمد یہ مرکزیہ نے اٹھایا۔513