تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد پنجم ۔ 1974ء تا 1982ء) — Page 425
تحریک جدید- ایک البی تحریک۔۔۔جلد پنجم اقتباس از خطاب فرموده یکم اپریل 1977ء ہم اس وقت جماعت احمدیہ کی زندگی کے ایک نہایت اہم موڑ پر ہیں خطاب فرمودہ یکم اپریل 1977ء بر موقع مجلس شوری " ہم اس وقت اپنی زندگی کے، جماعت احمدیہ کی زندگی کے ایک نہایت اہم موڑ پر ہیں۔ایک چوراہے پر کھڑے ہیں۔اس وقت جماعت احمدیہ کی یہ حیثیت کہ ساری دنیا کو مسلمان بنانے کا فریضہ جماعت کے سپرد کیا گیا ہے، یہ نمایاں ہو کر سامنے آگئی ہے۔اور اس وقت جماعت ہائے احمد یہ بیرون پاکستان میں اس قدر وسعت پیدا ہو چکی ہے کہ جیسا کہ آپ دیکھیں گے، باہر کا بجٹ، ہمارے اپنے بجٹ سے بہت زیادہ ہو گیا ہے۔اس کا ہماری شوری کے ساتھ بالواسطہ تعلق ہے۔اور اس کے متعلق شوری عام مشورے دے سکتی ہے۔اگر خلیفہ وقت ان کو منظور کر لے تو اس کے مطابق باہر والوں کو ہدایت دی جاتی ہے۔اور اگر رد ہو جائیں تو بھی اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔پچھلے چند سالوں میں ہی، میرے خیال میں 70ء کے بعد، افریقہ کے بعض ممالک کا بجٹ آمد دگنے سے زیادہ ہو گیا ہے۔اور اصل آمد بھی دگنے سے زیادہ ہوگئی ہے۔ان کے بجٹ ہم سے کچھ مختلف بنتے ہیں۔قریباً اس طرح بنتے ہیں۔مثلاً ابھی پرسوں میں مغربی افریقہ سے آیا ہوا ایک خط پڑھ رہا تھا، جس میں لکھا تھا کہ ہماری ایک علاقائی میٹنگ ہوئی ، ایک جلسہ ہوا اور اس میں مالی تحریک کی گئی۔وہاں ہر شخص کے نام کا بجٹ نہیں بنتا۔بلکہ مختلف علاقے یا پھر قبائل آپس میں بیٹھ کر مقابلہ کرتے ہیں۔چنانچہ ان کے سکے میں اس علاقے کے (ملک کے نہیں) وعدے ہو گئے۔اکثر حصہ وہ وہیں ادا کر دیتے ہیں یا چند دنوں میں وصول ہو جاتا ہے۔اس طرح ماہانہ وصولی کا حساب نہیں ہے۔اور وہ گذشتہ سال کے مقابلے میں قریباً ایک لاکھ سے زیادہ تھا۔وہ بڑی چھلانگیں مار کر آگے نکل رہے ہیں۔کچھ مسائل بھی ان کے پیدا ہوتے ہیں۔جب وہ اپنے اخلاص میں اور قربانی میں آگے نکل رہے ہیں تو اس عمر سے وہ آگے بڑھ گئے کہ جب بچے کو انگلی پکڑ کر چلایا جاتا ہے۔اس لئے کچھ عرصے سے میں ان کو کافی آزادی دے رہاہوں کہ تمہارے انتظام ہیں، تم اب اپنے ملکوں کو سنبھالو۔مگر چونکہ ان کو تجربہ نہیں ہے اور چونکہ ان کو غلط قسم کا تجربہ بھی ہے، یعنی دونوں باتیں ہیں کہ بعض چیزوں کا انہیں تجربہ نہیں اور بعض باتوں کا انہیں غلط تجربہ ہے، اس لئے وہ غلطیاں بھی کرتے ہیں۔ہم انہیں برداشت بھی کرتے ہیں کبھی غصے بھی ہوتے ہیں، کبھی پیار کے ساتھ سمجھاتے ہیں۔425