تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد پنجم ۔ 1974ء تا 1982ء) — Page 330
ارشادات فرموده دوران دورہ مغرب 1976ء تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔۔جلد پنجم کہ خدا نے ہمیں یہ بتایا ہے اور وہ ایسا کرنے پر پوری قدرت رکھتا ہے۔اہل امریکہ ہی نہیں بلکہ پوری روسی قوم اسلام قبول کر کے خدا تعالیٰ کی طرف واپس لوٹ آئے گی۔جس طرح ایک ننھے سے بیج میں سے درخت نکل آتا ہے، اسی طرح موجودہ خفیف آثار میں سے، جن کی حیثیت ایک بیج کی سی ہے، اسلام کے عالمگیر غلبہ کا درخت نمودار ہوگا اور نشوونما پا کر پورے کرہ ارض پر محیط ہو جائے گا۔فی الوقت دنیا والوں کو ایسا انقلاب نا ممکن نظر آتا ہے۔لیکن مستقبل کے لحاظ سے ایسے انقلاب کا بر پا ہونا عین ممکنات میں سے ہے۔اور ہم اپنی روحانی آنکھوں سے اسے برپا ہوتے دیکھ رہے ہیں“۔صحافی نے مزید دریافت کیا کہ دنیا کے مختلف ملکوں میں جماعت احمدیہ کے افراد میں جو اضافہ ہو رہا ہے، اس میں زیادہ دخل بچوں کی بڑھتی ہوئی شرح پیدائش کا ہے یا نومسلموں کی بڑھتی ہوئی تعداد کا ؟ حضور نے فرمایا:۔اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے ہر طرح جماعت کے نفوس اور اموال میں برکت بخش رہا ہے۔جہاں شرح پیدائش کی بناء پر افراد جماعت کی تعداد بڑھ رہی ہے، وہاں یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ دوسرے مذاہب کے لوگ بھی اسلام قبول کر کے جماعت احمدیہ میں شامل ہو رہے ہیں۔صرف گھانا میں ہی احمدیوں کی تعداد دس لاکھ کے قریب ہے۔وہاں ہم نے ہزاروں عیسائیوں کو مسلمان بنایا ہے۔اور اسی طرح وہاں کے قدیمی بد مذہب اور لا مذہب بھی بڑی تعداد میں اپنے پرانے مسلک کو خیر باد کہہ کر اسلام میں داخل ہوئے ہیں۔اسی طرح مغربی افریقہ کے دوسرے ممالک میں بھی جماعت احمدیہ نے ہزاروں لوگوں کو مسلمان بنایا ہے۔مجموعی طور پر ہم اب تک لاکھوں افریقیوں کو مسلمان بنا چکے ہیں۔اس کے بالمقابل دس احمدی بھی ایسے پیش نہیں کئے جاسکتے ، جنہیں عیسائی مشن عیسائی بنانے میں کامیاب ہوئے ہوں“۔حضرت مصلح موعود " کا ایک خواب ہے۔اس خواب میں آپ نے دیکھا کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوة والسلام تشریف لائیں ہیں اور فرماتے ہیں کہ میں پانچ سال امریکہ میں رہ کر واپس آیا ہوں اور اب روس جا رہا ہوں۔حضور علیہ السلام تو اپنی زندگی میں ملک سے باہر تشریف نہیں لے گئے۔خلیفہ مامور من اللہ کا جانشین اور قائمقام ہوتا ہے۔خلفائے سلسلہ احمدیہ میں سے اس نے سب سے پہلے مجھے امریکہ کا دورہ کرنے کی توفیق عطا فرمائی ہے۔اس خواب کی بناء پر ہم امید رکھتے ہیں کہ آئندہ پانچ سال کے دوران امریکہ میں اسلام کے حق میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی۔اور پھر اسی طرح بعد ازاں روس میں بھی اسلام کے حق میں انقلابی تبدیلیوں کا " آغاز ہوگا۔اور انشاء اللہ تعالیٰ وہاں بھی اسلام کے غالب آنے کے سامان ہوں گئے۔330