تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد پنجم ۔ 1974ء تا 1982ء) — Page iii
الله الرحمن الرحيم پبلشر نوٹ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشگوئیوں کے مطابق یہ وہ دور ہے جس میں اسلام کی نشاۃ ثانیہ مقدر ہے۔حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی آمد کے ساتھ اس دور سعید کا آغاز ہوا۔اللہ تعالیٰ نے آپکو ایک فرزند جلیل کی پیدائش کی خبر دی۔جسے تاریخ احمدیت مصلح موعود کے نام سے یاد کرتی ہے۔خلافت حقہ اسلامیہ کے قیام کے ساتھ ہی اللہ تعالیٰ نے ایک کو نیل نما جماعت کے تناور درخت بننے کے سامان پیدا کر دئے۔خلافت احمد یہ اولی کے بعد قدرت ثانیہ کے دوسرے مظہر جب خلافت پر متمکن ہوئے تو چوطرفہ مخالفت نے دم تو ڑنا شروع کر دیا۔جماعت احمدیہ کی آواز کو قادیان سے باہر نہ نکلنے دینے کا دعوی کرنے والے اس وقت بالکل پسپا ہو گئے۔جب حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے تحریک جدید جیسی عظیم الشان تحریک کا اعلان فرمایا تو مخالفین احمدیت کے پاؤں کے نیچے سے زمین کھسک گئی۔صداقت کی آواز کو دبانے والوں نے دیکھا کہ یہ آواز دیکھتے ہی دیکھتے اکناف عالم میں پھیل گئی۔آج دنیا کی کوئی تحریک اس تحریک کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔کسی بھی دیکھنے والے کو ایک رتی بھر بھی اس میں شک نہیں ہوسکتا کہ واقعی یہ ایک الہی تحریک تھی اور ہے۔حضرت خلیفہ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے تحریک جدید ایک الہی تحریک کے عنوان سے مرتب شدہ کتاب کو قادیان سے شائع کرنے کا ارشاد فرمایا ہے۔پیارے آقا کے ارشاد پر اس کتاب کی پانچویں جلد افادہ عام کے لئے شائع کی جارہی ہے۔اللہ تعالیٰ اسکی اشاعت کو ہر لحاظ سے مبارک اور بابرکت کرے۔آمین والسلام خاکسار ناظر نشر و اشاعت قادیان