تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد پنجم ۔ 1974ء تا 1982ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 4 of 1040

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد پنجم ۔ 1974ء تا 1982ء) — Page 4

خطبہ جمعہ فرمودہ 09 نومبر 1973ء تحریک جدید - ایک الہبی تحریک۔۔۔۔جلد پنجم لیکن ابھی عوام تک پہنچنے کا وقت نہیں آیا تھا۔اس لئے ایسا سوال کیا گیا۔جس کا جواب یہی تھا کہ تمہار۔عوام تک پہنچنے کی بھی کوشش کریں گے۔بہر حال ساری دنیا پر روحانی یلغار پہلی مرتبہ خدا تعالیٰ کے محبوب مہدی علیہ السلام کی جماعت نے جو کی ، وہ تحریک جدید کے ذریعہ ہوئی۔اور جس طرح ایک بہادر اور شجاع اور نڈر اور ایک جانثار فوج کی صفیں بے دھڑک دشمن کے علاقہ میں گھستی چلی جاتی ہیں، اسی طرح ہمارے مبلغین دنیا کے ملک ملک میں جہاں بھی انہیں بھیجا گیا، وہاں چلے گئے۔اور کوئی پرواہ نہیں کی کہ وہاں کے حالات کیا ہیں اور ہمیں کیا تکالیف برداشت کرنا پڑیں گی؟ اور ایک لمبی جدو جہد کے بعد، جس کی ابتداء قریباً چالیس سال پہلے ہوئی ، یہ ہماری زندگیوں کے لحاظ سے بڑی لمبی جد و جہد ہے، اجتماعی اور قومی اور جماعتی زندگی میں تو یہ چالیس سال کا زمانہ ایسا لمبازمانہ نہیں۔لیکن انفرادی طور پر ایک نسل کی زندگی میں بڑا زمانہ ہے۔اتنی جدو جہد کے بعد ملک ملک میں انہوں نے اپنے مقام ہدایت اور روشنی کے مینار کھڑے کئے اور کام کیا۔اور صف اول کا کام کیا۔اور پہلی صف میں جو خلا پیدا ہو جاتا ہے، اس کو پر کرنے کے لئے ہمارے مبلغین جاتے ہیں۔ان کو وہ تکلیف تو برداشت کرنا نہیں پڑتی۔ہمارے نذیر احمد علی صاحب شہید اللہ تعالیٰ ان کے درجات کو بہت بلند کرے۔سیرالیون میں مدفون ہیں۔جب وہ پہلی مرتبہ بھیجے گئے۔وہ خدا کا ایک دلیر سپاہی تھا۔مجھے افریقیوں نے بتایا ہے کہ انہوں نے یہ کرنا شروع کیا کہ کتابوں کی گٹھڑی کچھ اپنے سر پر کچھ کسی دوسرے کے سر پر رکھ کر ایک گاؤں میں گئے، وہاں کے لوگوں نے کہا، ہم تمہیں ماریں گے، نکل جاؤ یہاں سے ! انہوں نے جواب دیا ٹھیک ہے، میں لڑنے نہیں آیا، میں تو ایک صداقت تمہارے سامنے رکھنے آیا ہوں۔تمہیں پسند نہیں تو میں چلا جاتا ہوں۔پھر اگلے گاؤں میں گئے ، پھر وہاں سے بھی نکالے گئے۔یہاں تک کہ دو چار گاؤں کے بعد پھر کسی شریف آدمی نے کہا کہ کہاں مارے مارے پھرو گے، تمہیں پناہ دے دیتا ہوں۔پھر وہاں انہوں نے قیام کیا اور انہیں باتیں بتا ئیں۔سچی باتیں دل پر اثر کرتی ہیں۔اس طرح انہوں نے تبلیغ کی۔اب جو ہمارا نوجوان سیرالیون میں جاتا ہے، جہاں ان کی قبر ہے تو وہ ایک بنے بنائے مضبوط قلعے میں جاتا ہے، اس کو تو کوئی تکلیف نہیں۔اس کو سر کے اوپر کتابوں کا بنڈل رکھ کر نہیں گھومنا پڑتا۔پھر بھی بعض لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں زیادہ تکلیف ہے۔ان کے مقابلہ میں تمہیں زیادہ تکلیف کیسے ہوگئی ؟ بہر حال صف اول کی تحریک جدید کو بیرون مرکز تبلیغ کی ابتداء کرنے اور کامیاب کرنے کی خصوصیت حاصل ہے۔ایک صف نکلی تھی، جو علاقوں میں پھیل گئی۔اب ہماری دوسری صفیں مثلاً نصرت 4