تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد چہارم ۔ 1965ء تا 1973ء) — Page 943
تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔۔جلد چہارم خطبہ جمعہ فرموده 19 اکتوبر 1973ء بڑی نیکی کا کام ہے لیکن وفود کی شکل میں دوستوں کا جلسہ سالانہ پر آنا، در اصل حج اور دوسری نیکیوں کے حصول کے لئے مخلصانہ تڑپ پیدا کرنے کے مترادف ہے یعنی اس طرح ایسی جماعت پیدا کرنا مقصد ہے جن کے دل ہر وقت اخلاص کے ساتھ قرب الہی کے حصول کے لئے بے قرار اور رحمت الہی کی تلاش میں سرگرداں ہوں۔پس یہ منصوبہ دراصل حج کی تڑپ رکھنے والی جماعت تیار کرنے کا منصوبہ ہے، جو تمام روکوں کو پھلانگ کر فریضہ حج ادا کر سکے۔اس لئے بیرون ملک سے وفود کی شکل میں دوست جلسہ سالانہ پر تشریف لائیں اور پھر ادھر ادھر ٹھہرے بغیر وہ واپس چلے جائیں۔اس طرح وہ وہاں جا کر جو کام کریں گے، اس کے نتیجہ میں پہلے سے زیادہ لوگ حج کرنے کی کوشش کریں گے۔کچھ کو روکا جائے گا اور کئی ساری روکوں کے باوجود دیار حرم میں پہنچ جائیں گے۔یہ ایک علیحدہ مسئلہ ہے۔بہر حال زیادہ سے زیادہ وفود کی شرکت اس سال سے شروع ہو جانی چاہیے۔ایک اور بات جس کا میں اس وقت اعلان کرنا چاہتا ہوں، وہ قلم دوستی ہے۔اور یہ ان چھوٹی چھوٹی باتوں میں سے ایک ہے جو ملک ملک کے درمیان قرب پیدا کرنے کے لئے ہیں۔قلم دوستی ایک منصوبہ کے ماتحت عمل میں آنی چاہیے۔مثلاً انگلستان اور دوسرے ملکوں سے پتہ لیا جائے اور مجھے رپورٹ ملنی چاہیے کہ انگلستان میں اس قد ر ا حباب تیار ہیں ( مجھے امید ہے انگلستان میں رہنے والوں میں سے پا نچ سونو جوان مل جائیں گے شروع میں ایک سوتو یقینی مل جائیں گے ) اتنے نائیجیریا کے تیار ہیں، اتنے غانا کے تیار ہیں، اتنے آئیوری کوسٹ کے تیار ہیں، اتنے لائبیریا کے تیار ہیں، اتنے سیرالیون کے تیار ہیں، اتنے گیمبیا کے تیار ہیں، اتنے سنیگال کے تیار ہیں۔اور بھی کئی ملکوں میں ہماری احمدی جماعتیں قائم ہیں۔ان میں سے بھی چاہیے، احباب تیار ہوں۔کیونکہ اس تحریک میں ضرور شامل ہونا چاہیے۔اسی طرح کے رہنے والے، انڈونیشیا کے رہنے والے، آسٹریلیا کے رہنے والے، یورپین ممالک کے رہنے والے، ہندوستان کے رہنے والے، پاکستان کے رہنے والے مصر کے رہنے والے سعودی عرب کے رہنے والے، ( کوئی یہ نہ سمجھے کہ عرب ممالک میں کوئی احمدی نہیں۔دنیا مخالفت کرتی ہے تو کرتی رہے۔وہاں احمدی ہیں اور یہ ایک ایسی حقیقت ہے، جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔) ابوظبی میں رہنے والے۔غرض مشرق وسطی کے سارے ممالک میں رہنے والے احمدی، قلم دوستی کی مجالس میں شامل ہونے کے لئے اپنے نام پیش کریں۔پھر ایک منصوبہ کے ماتحت ان کی آپس میں دوستیاں قائم کی جائیں گی۔اس قسم کے قریبی اور دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کی مثال ایک شاندار رنگ میں اور شاندار پیمانے پر آنحضرت صلی 943