تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد سوم۔ 1948 تا 1964)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 669 of 802

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد سوم۔ 1948 تا 1964) — Page 669

تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔جلدسوم - خطاب فرمودہ 26 اکتوبر 1957 ء فرقوں کو لے لوتو نہ چشتیوں میں پائی جاتی ہے، نہ سہروردیوں میں پائی جاتی ہے اور نہ قادریوں میں پائی جاتی ہے۔صرف احمدیوں میں پائی جاتی ہے۔غرض روحانی فرقوں کے لحاظ سے بھی احمدی عورتیں تمام روحانی فرقوں کی عورتوں پر فضیلت رکھتی ہیں اور دوسرے فرقوں کے لحاظ سے بھی ، جو فقہی اختلاف کی وجہ سے قائم ہوئے ہیں، احمدی عورتیں سب سے مقدم ہیں۔ہاں اگر غیروں کو لیا جائے تو ہم ان کے مقابلے میں ابھی کمزور ہیں۔یعنی عیسائیوں کی عورتوں نے عیسائیت کی خاطر بہت زیادہ قربانی کی ہے۔بے شک ہماری عورتوں نے بھی قربانی کی ہے اور وہ تبلیغ کا کام کرتی ہیں مگر قربانی کے لحاظ سے ابھی وہ ان سے کم ہیں۔مثلاً چین میں ایک دفعہ عیسائیوں کے خلاف بغاوت ہوئی۔وہاں ان دنوں ایک عورت تبلیغ کا کام کر رہی تھی، چینیوں نے حملہ کر کے اس عورت کو مارڈالا اور اس کے گوشت کے کباب کھائے۔جب یہ خبر انگلستان پہنچی تو انگلستان میں اعلان کیا گیا کہ چین میں ہماری ایک عورت مبلغ تھی، چینیوں نے اسے مار دیا ہے اور اس کے گوشت کے کباب بنا کر کھائے ہیں۔ہم چاہتے ہیں کہ اس کی جگہ کام کرنے کے لئے کوئی اور عورت اپنا نام پیش کرے۔شام تک 20 ہزار عورتوں کی طرف سے تار آ گئے کہ ہم وہاں جانے کے لئے تیار ہیں، ہمیں وہاں بھجوادیا جائے۔یہ نمونہ تو ہم میں ابھی نظر نہیں آتا بلکہ ہمیں شرم آتی ہے کہ اس کام میں عیسائی ہم پر فوقیت رکھتے ہیں۔شاید اس لئے کہ ان کو انہیں سو سال ہو گئے ہیں اور ہمیں ابھی اتنے سال نہیں ہوئے۔مگر بہر حال جوانی میں زیادہ جوش ہونا چاہئے۔ہم امید کرتے ہیں کہ عنقریب ہماری عورتیں ان سے بھی زیادہ جوش دکھلائیں گی۔بعض مثالیں بیشک ہماری جماعت میں اچھی ملتی ہیں۔مثلاً ایک دفعہ ایک غیر ملکی طالب علم یہاں آیا۔اس نے کہا کہ میری شادی یہاں کرا دیں۔میں نے کسی خطبہ یا مجلس میں ذکر کیا کہ اس طرح ایک غیر ملکی کی خواہش ہے۔تو ایک لڑکی آئی اور اس نے کہا کہ میں تیار ہوں ، آپ میرا نکاح اس غیر ملکی سے کر دیں۔اس کے بعد اس کی ایک بہن آئی اور میری بیوی سے کہنے لگی کہ میری بہن تو منہ پھٹ ہے ، وہ خود آکر کہہ گئی ہے۔لیکن میں نے ابھی تک اس کا اظہار نہیں کیا تھا۔حالانکہ میں تین ، چار سال سے اس بات کے لئے تیار ہوں کہ میری کسی غیر ملکی سے شادی کر کے مجھے باہر بھیج دیا جائے۔آخران میں سے ایک بہن کی شادی ان سے ہوگئی اور اب وہ دلی میں ہے۔ابھی کل ہی اس کے ہاں لڑکی پیدا ہونے کی خبر چھپی ہے۔صالح الشبیبی ، ہمارے ایک غیر ملکی احمدی نوجوان ہیں۔پچھلے سال ان سے اس کی شادی ہوئی اور اب ان کے ہاں دلی میں ایک لڑکی پیدا ہوتی ہے۔669